پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا مثبت رجحان


کراچی: پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں مندی چھٹنے لگی جس کے بعد منگل کے روز کاروباری ہفتے کے دوسرے دن 100 انڈیکس میں 171 پوائنٹس تک کا اضافہ ہوا۔

پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں آج کاروبار کے آغاز سے ہی مثبت رجحان رہا اور دن بھر 100 انڈیکس مثبت زون میں ٹریڈ کرتا رہا۔

منگل کو کاروبار شروع ہوا تو حصص کے سودوں کے دوران 100 انڈیکس میں مسلسل بہتری نظر آئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ملک میں صدارتی انتخاب کی وجہ سے مارکیٹ میں بہتری آنا شروع ہوئی ہے۔

100 انڈیکس دوپہر ساڑھے گیارہ بجے دن کی بلند ترین سطح، 208 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ اس مرحلہ پر مجموعی انڈیکس 41 ہزار 769 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا۔

گزشتہ روز کاروباری ہفتے کے پہلے دن مارکیٹ میں مندی کا رجحان رہا اور 100 انڈیکس میں 500 پوائنٹس تک کی کمی ہوئی۔ مارکیٹ کے اختتام تک 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 160 پوائنٹس کی کمی رہی جس کے بعد 100 انڈیکس 41 ہزار 582 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

گزشتہ ہفتے بھی مارکیٹ میں مسلسل مندی کا رجحان رہا جس کی وجہ سے غیر ملکی سرمایہ کاروں نے مارکیٹ سے ایک کروڑ ڈالر کا سرمایہ نکالا۔


متعلقہ خبریں