کابل: افغان طالبان نے اعلان کیا ہے کہ امریکی اور اتحادی افواج کے خلاف گوریلا جنگ لڑنے والے حقانی نیٹ ورک کے سربراہ جلال الدین حقانی طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے ہیں۔
امریکی ادارے سائٹ انٹیلی جنس گروپ نے افغان طالبان سے منسوب بیان کو رپورٹ کیا ہے جس میں جلال الدین حقانی کے انتقال کی تصدیق کی گئی ہے۔ یہ ادارہ سفید فام انتہا پسندوں سمیت مختلف عسکری گروپوں کی آن لائن سرگرمیوں کی نگرانی کے لیے قائم کیا گیا ہے۔
منگل کی صبح سامنے آنے والی خبر میں افغان طالبان نے تصدیق کی ہے کہ حقانی نیٹ ورک کے بانی خاصے عرصہ سے بیمار تھے جس کے بعد وہ انتقال کر گئے ہیں۔
افغان میڈیا سمیت متعدد بین الاقوامی خبر رساں اداروں نے بھی طالبان کے ذریعہ سامنے آنے والی خبر کی تصدیق کی ہے۔
افغان طالبان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں تصدیق کی گئی ہے کہ زندگی بھر مختلف مشکلات کا سامنا کرنے والے جلال الدین حقانی زندگی کے آخر میں طویل عرصہ سے بیمار رہے۔
حقانی نیٹ ورک افغان طالبان کا ایسا حصہ قرار دیا جاتا ہے جو افغانستان میں موجود امریکی اور اتحادی افواج کے خلاف گوریلا جنگ میں مصروف ہے۔ موجودہ افغان حکومت کے خلاف ہونے والی متعدد کارروائیاں بھی اسی گروپ کے حصے میں ڈالی جاتی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ عسکری کارروائیوں کی وجہ سے امریکہ کو مطلوب انتہائی اہم افراد میں شامل جلال الدین حقانی تدفین افغانستان میں کر دی گئی ہے۔