لاہور: نجم سیٹھی کے مستعفی ہونے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے نئے چیئرمین کا انتخاب آج ہوگا جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
چیئرمین کے انتخاب کے لیے پی سی بی میں گورننگ بورڈ کا اجلاس آج طلب کیا گیا ہے۔ چیئرمین پی سی بی الیکشن کمیشن اور ڈپٹی کمیشنر کی زیر نگرانی نئے چیئرمین کا انتخاب کیا جائے گا۔
شیڈول کے مطابق چیئرمین پی سی بی کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی 11 بجے وصول کیے جائیں گے اور اعتراضات کے بعد دن ایک بجے حتمی فہرست آویزاں کی جائے گی۔
آئندہ پی سی بی چیئرمین کا انتخاب ڈیڑھ بجے عمل میں لایا جائے گا۔
وزیراعظم عمران خان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سابق صدر احسان مانی کو چیئرمین پی سی بی کے لیے نامزد کیا تھا تاہم یہ جاننے کے بعد کہ چیئرمین کا انتخاب گورننگ بورڈ کرتا ہے انہوں نے احسان مانی کو گورننگ بورڈ کا رکن نامزد کر دیا تھا۔
قبل ازیں سابق چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی نے اپنا استعفی وزیراعظم پاکستان کو بھیجا تھا۔ انہوں نے اپنے استعفی میں ذاتی معاملات کو عہدہ پر برقرار نہ رہنے کی وجہ قرار دیا تھا۔