کراچی: روشنیوں کے شہر کراچی میں ہم اسٹائل ایوارڈز کے ریڈ کارپٹ کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں ملک کے نامور فنکاروں نے شرکت کی۔
ہم اسٹائل ایوارڈز کے ریڈ کارپٹ پر تقریب کے شرکا اپنے من پسند فنکاروں کی ایک جھلک دیکھنے کو بے تاب تھے اور جب شوبز کے ان ستاروں نے اپنے جلوے بکھیرنا شروع کیے تو محفل میں ہر سو خوبصورتیوں کا راج ہو گیا۔
کسی گھریلو تقریب میں بھی شرکت کرنی ہو تو خواتین بناؤ و سنگار میں بہت وقت صرف کرتی ہیں، ایسے مواقع پر انہیں جو اہم سوالات درپیش ہوتے ہیں ان میں ’کیا پہنوں‘ اور ’کیسی دکھوں گی‘ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ اور جب بات ہو ریڈ کارپٹ کی تو ان سوالات کی شدت مزید بڑھ جاتی ہے، ایسی تقریبات میں خوبصورت ستاروں کی ایک دوسرے سے زیادہ دلکش نظر آنے کی بیتابی دیدنی ہوتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس مرتبہ ہم ایوارڈز کی تیاریوں میں خوبرو اداکارائیں ہی نہیں اداکاربھی پرجوش دکھائی دیے جبکہ کچھ اداکاروں کا کہنا تھا کہ اللہ نے مردوں کو اتنا خوبصورت بنایا ہے اس لیے انہیں زیادہ تیاری کی ضرورت نہیں پڑتی۔
فنکاروں کی بھرپور تیاری نے تقریب میں ہر طرف جلوے بکھیرے اور رنگ و نور کی اس محفل میں جہاں دلوں کی دھڑکنیں تیز تر ہوئیں وہاں بے تاب نگاہیں بھی اپنے من چاہے فنکاروں کا تعاقب کرتی رہیں۔
ہم اسٹائل ایوارڈ آپ جلد ہی ہم ٹی وی پر دیکھ سکیں گے