بچے کی معذوری کی ذمہ دار کے الیکٹرک، گورنر سندھ



کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ کرنٹ لگنے سے معذور ہونے والے بچے کی معذوری کی ذمہ دار براہ راست کے الیکٹرک ہے۔ سیاسی اور غیر سیاسی بھرتیوں پر کچھ نہیں کہہ سکتے۔

تین ستمبر کو گورنر سندھ عمران اسماعیل کے الیکٹرک کی غفلت سے معذور ہونے والے بچے کی عیادت کرنے سول اسپتال کے برنس وارڈ پہنچے اور بچے کو گلدستہ پیش کیا۔

گورنر سندھ نے کہا کہ کے الیکٹرک کی غفلت کا وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو بھی نوٹس لینا چاہیے۔ معذور ہونے والے بچے کو یہ بھی نہیں معلوم کہ اس کے دونوں بازو کٹ چکے ہیں وہ بڑا ہو کر آرمی چیف بننا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو بچے کو پہنچنے والی تکلیف کا ازالہ زندگی بھر کے لیے کرنا ہوگا جس کے لیے طویل المدت منصوبہ لازم ہے۔ حکومت فوری طور پر اس بچے کے ازالہ کے لیے پیکج کا اعلان کرے۔

گورنر سندھ نے کہا کہ اب تک کرنٹ لگنے سے دو بچے معذور ہوچکے ہیں اور اس طرح کے واقعات متواتر ہو رہے ہیں۔ ایک ملازم کے بھی دونوں ہاٹھ کٹنے کا واقعہ ہوا تھا جو اس کو زندگی بھر کے لیے محتاج کر گیا۔

عمران اسماعیل نے کہا کہ کوئی ایسا ادارہ بھی ہونا چاہے جو نا صرف کے الیکٹرک کی لگائی گئی تاروں کو چیک کرے بلکہ اُس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لے۔

25 اگست کو کراچی کے علاقے احسن آباد میں کرنٹ لگنے سے آٹھ سالہ عمر بری طرح جھلس گیا تھا جس کے سبب بچے کے دونوں ہاتھ کاٹنے پڑے تھے۔

بچے کے والد محمد عارف کی مدعیت میں  مقدمہ نمبر 323/18 بجرم 337H غفلت و لاپرواہی کے تحت درج کیا گیا ہے جس میں  بجلی فراہمی کے ذمہ دار نجی ادارے کے حکام نامزد ہیں۔


متعلقہ خبریں