چوتھا ٹیسٹ:بھارت کو شکست، سیریز انگلینڈ کے نام

چوتھے ٹیسٹ میں بھارت کو شکست، سیریز انگلینڈ کے نام


ساؤتھ ہیمپٹن: آ راونڈر معین علی کی شاندار اسپن باولنگ کی بدولت چوتھے ٹیسٹ میچ میں انگلینڈ نے بھارت کو 60 رنز سے شکست دے دی۔

اس فتح کے ساتھ انگلیںڈ نے پانچ میچوں کی سیریز میں 1-3 سے ناقابل شکست برتری حاصل کرلی۔

245رنز کے تعقب میں میچ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم 184 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ معین علی نے چوتھی اننگز میں چار جبکہ میچ میں نو وکٹیں حاصل کیں۔

ساؤتھ ہیمپٹن کے روز باول اسٹیدیم میں  کھیلے گئے میچ میں انگلینڈ  کے کپتان جو روٹ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بظاہر ان کے گلے پڑ گیا۔

بھارتی تیز گیند بازوں کی شاندار گیند بازی کے باعث انگلینڈ صرف86 رنز پر اپنی 6 وکٹیں کھو بیٹھا تھا تاہم اس موقع پر معین علی اور سیم کرن کے درمیان  ساتویں وکٹ کے لیے 91 رنز کی شراکت نے اننگز کو سہارا دیا۔

سیم کرن کی شاندار بیٹنگ اور ٹیل اینڈرز کی مزاحمت کے باعث انگلینڈ اپنی پہلی اننگز میں 246 رنز بنانے میں کامیاب رہا۔ سیم کرن 78 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔

پہلی اننگ میں بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 3، ایشانت شرما، محمد شامی، روی چندرن اشون نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

جواب میں بھارتی ٹاپ آرڈر نے شاندار پرفارمنس دی،  ایک موقع پر بھارت نے 142 رنز بنالیے تھے جبکہ اس کی صرف 2 ہی وکٹیں گری تھیں، پھر روٹ نے معین علی کو گیند تھما دی، علی نے یکے بعد دیگرے انڈین بلے بازوں کو پویلین بھیجنا شروع کیا اور اس طرح پوری ٹیم کو  273 ڈھیر کردیا، انڈیا کو صرف 27 رنز کی ہی لیڈ مل سکی۔

بھارت کی جانب سے پجارا نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 132 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان ویرات کوہلی 46 رنز بناسکے۔

معین نے اس اننگ میں 5 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

دوسری اننگز میں بھی انگلینڈ کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا تاہم اس کے لیٹ اور مڈل آرڈر نے ایک مرتبہ پھر اسے مکمل تباہی سے بچالیا۔

ایک موقع پر انگلینڈ کے 6 کھلاڑی 178 رنز پر آؤٹ ہوچکے تھے اور اسے بھارت کے خلاف صرف 151 رنز کی ہی برتری حاصل تھی۔

تاہم انگلینڈ کے اختتامی بلے بازوں نے شاندار بیٹنگ کی، سیم کرن ایک بار پھر ایکشن میں دکھائی دیے، انہوں نے دوسری اننگ میں بھی 46 رنز بنائے اور وہ رن آوٹ ہوئے، ان کے علاوہ جوز بٹلر کے 69 اور کپتان جو روٹ کے 48 رنز کی بدولت انگلینڈ ٹیم اپنی دوسری اننگ میں 270 رنز بنا کر آوٹ ہوئی، بھارت کو جیت کے لیے 245  رنز درکار تھے۔

جیمز اینڈرسن نے آتے ہی بھارتی اوپنر کے ایل راہول کو کو ٹھکانے لگا دیا، کچھ گیندوں کے وقفے سے پچھلی اننگ کے سینچورین پجارا کو بھی چلتا کیا۔ شکھر دھون بھی  17 رنز بنانے کے بعد اسٹورٹ براڈ کا شکار ہوئے۔ انڈیا کی ابتدائی 3 وکٹیں صرف 22 رنز پر گر گئی تھیں۔ ایسے موقع پر کپتان ویرات کوہلی اور اجنکیا رحانے کے درمیان  چوتھی وکٹ کے لیے 101  رنز شراکت داری قائم ہوئی۔ بھارتی ٹیم کا اسکور 123  کو  پہنچا، کپتان کوہلی 58 رنز بنا کر معین علی کا شکار بن گئی۔  کوہلی کے آوٹ ہونے کے بعد صرف 60 رنز کے ساتھ پوری بھارتی بیٹنگ لائن تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی، رہانے نے 51 رنز بنائے۔

معین علی نے آخری اننگ میں 4، براڈ اور اسٹوکس نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔


متعلقہ خبریں