سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے اہم مقدمات کی سماعت، 2 بینچ تشکیل

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ میں آئندہ ہفتے اہم مقدمات کی سماعت ہوگی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے مقدمات کی سماعت کے لیے 2 بینچ تشکیل دے دیے۔

سپریم کورٹ پاکستان نے اگلے ہفتے کے مقدمات کی کاز لسٹ جاری کر دی۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ اہم مقدمات کی سماعت کرے گا۔ جس میں پاکستانیوں کے غیر ملکی اکاؤنٹس اور اثاثوں کے خلاف ازخود نوٹس اور قومی ایئر لائن ( پی آئی اے ) سمیت قومی اثاثوں کی فروخت کے خلاف ازخود نوٹس کی سماعت پیر کے روز ہو گی۔

شمالی علاقہ جات کے لیے قومی ایئر لائن کے زائد کرایوں کے خلاف ازخود نوٹس جبکہ تربت میں 20 افراد کے قتل پر لیا گیا ازخود نوٹس بھی پیر کے روز زیر سماعت آئے گا۔

سپریم کورٹ کی جانب سے ملک بھر میں غیر فعال ٹربیونل کے خلاف ازخود نوٹس، لاہور میں بل بورڈ اتارنے سے متعلق کیس، ملک بھر میں بڑھتی ہوئی آبادی پر لیے گیا ازخود نوٹس اور اسلام آباد میں اسپتالوں کی کمی کے خلاف لیے گئے ازخود نوٹس کی سماعت منگل کو ہو گی۔

اسی طرح جعلی بینک اکاؤنٹس، منی لانڈرنگ اسکینڈل، میڈیا لاجک کے سربراہ کے خلاف توہین عدالت کیس کی سماعت بدھ کے روز ہو گی جبکہ سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی سے متعلق کیس کی سماعت جمعرات کو ہو گی۔


متعلقہ خبریں