انعم تنولی کا قتل، فواد چوہدری کی آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب


اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے لاہور میں 25 سالہ آرٹسٹ انعم تنولی کے مبینہ قتل کی رپورٹ انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پنجاب سے طلب کرلی۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے اپنے ایک بیان انعم تنولی کے مبینہ قتل پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے واقعات کو چھپانے کے لیے بھی قتل کو خودکشی کا رنگ دے دیا جاتا ہے تاہم پولیس اس واقعے میں تفتیش کے تمام پہلوؤں کو ملحوظ خاطر رکھے اور حقائق سامنے لائے۔

فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آرٹسٹوں کی سیکیورٹی کو بہتر کرنے اور انہیں محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے آئی جی خیبر پختونخوا ( کے پی ) کو بھی ہدایت جاری کر دی گئی ہیں۔ آرٹسٹ پاکستانی قوم کا سرمایہ ہیں اور ان کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے۔

فواد چوہدری نے فنکاروں کو سرہاتے ہوئے کہا کہ آرٹسٹ اپنے فن کے ذریعے ملکی ثقافت اور روایات کو بیرونی دنیا میں متعارف کرواتے ہیں اور پوری دنیا میں ہمارے آرٹسٹ پاکستان کا مثبت تشخص اجاگر کررہے ہیں۔ اس لیے جو لوگ معاشرے میں خوشیاں بانٹتے ہیں ان کا احترام اور حفاظت دونوں واجب ہیں۔

وزیر اطلاعات و نشریات کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح کے واقعات ہونے سے آرٹسٹ کمیونٹی تشویش کا شکار ہو رہی ہے اور فنکاروں کے ساتھ اس طرح کے واقعات کی ترجیحی بنیادوں پر تفتیش ہونی چاہیے۔

لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس کے ایک بنگلے سے گزشتہ رات 25 سالہ ماڈل انعم تنولی کی پھندا لگی لاش برآمد ہوئی تھی۔


متعلقہ خبریں