بوتلوں میں شہد اور زیتون کا تیل تھا، راول شرجیل


حیدرآباد: پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور رکن سندھ اسمبلی شرجیل انعام میمن کے صاحبزادے راول شرجیل نے کہا ہے کہ کسی تصدیق کے بغیر شہد اور زیتوں کے تیل کو شراب دکھایا جا رہا ہے۔

انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میرے والد کے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے، ان کی سرجری ہوئی ہے اور ڈاکٹروں نے انہیں 2 سے 3 ہفتوں تک آرام کی تلقین کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی تصدیق کے بغیرمیرے والد کے خلاف میڈیا ٹرائل شروع کر دیا گیا ہے جس کے بعد اب انہیں جیل منتقل کیا گیا۔

راول شرجیل نے کہا کہ کچھ قوتیں میرے والد کے خلاف سرگرم ہیں اور اُن کا سیاسی کیریئر تباہ کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

شرجیل میمن کے صاحبزادے نے کہا کہ قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے خود عدالت میں بیان دیا ہے کہ شرجیل میمن کے خلاف کرپشن کا نہیں بلکہ اختیارات کے غلط استعمال کا الزام ہے تاہم ابھی تک نیب اس کو بھی ثابت نہیں کر سکی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ہفتہ کے روز کلفٹن میں واقع ضیاء الدین اسپتال کا ہنگامی دورہ کیا تو شرجیل میمن کے کمرے سے شراب کی 3 بوتلیں برآمد ہوئیں جس کے بعد ان کے دو ملازمین کو گرفتار کرلیا گیا۔

شرجیل میمن کو صحت مند اور بغیر لاٹھی کے چلتا دیکھ کر چیف جسٹس نے انہیں سینٹرل جیل منتقل کرنے کا حکم دیا جبکہ شراب برآمد ہونے پر ان کے خلاف تھانہ بوٹ بیسن میں مقدمہ درج کرلیا گیا۔


متعلقہ خبریں