جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کھولنے کا فیصلہ موخر


اسلام آباد: افغانستان کے شہر جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانہ کھولنے کا فیصلہ موخر کر دیا گیا ہے، پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ افغان حکومت کی جانب سے جواب آنے کے بعد ہی اس بارے میں کوئی فیصلہ کیا جائے گا۔

سفارتی ذرائع کے مطابق کابل میں پاکستانی سفارتخانے کے اعلیٰ حکام نے افغان وزارت خارجہ کے حکام سے ملاقات کی اور جلال آباد میں بند کیے گئے پاکستانی قونصل خانے کے متعلق تبادلہ خیال کیا۔

ذرائع کے مطابق افغان حکام نے اعتراف کیا کہ ننگرہار کے گورنر حیات اللہ جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے میں ملوث تھے۔

پاکستانی حکام نے جلال آباد قونصل خانے کی سیکیورٹی سے متعلق متبادل تجویز پیش کی جس کا جواب آنے کے بعد ہی قونصل خانہ کھولنے یا نہ کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پاکستان نے اپنے دو ٹوک مؤقف سے افغان حکام کو آگاہ کر دیا اور کہا کہ قونصل خانہ اسی صورت کھولا جائے گا جب اس کی سیکیورٹی کے اقدامات پاکستانی توقعات کے مطابق ہوں گے۔

جلال آباد میں پاکستانی قونصل خانے کو گزشتہ روز افغان گورنر کی مداخلت کے باعث بند کیا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں