عمران خان کی بلدیاتی نظام تبدیل کرنے کی ہدایت

عمران خان کی بلدیاتی نظام تبدیل کرنے کی ہدایت

لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں وزیر اعظم عمران خان نے صوبائی  کابینہ کے اہم اجلاس کی صدارت کی، اجلاس میں وزیر اعظم کو مختلف محکموں کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی۔

ذرائع کے مطابق عمران خان نے بلدیاتی نظام فوری تبدیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اس سلسلے میں ایک کمیٹی قائم کر دی ہے، انہوں نے پنجاب میں جاری اورنج لائن ٹرین سمیت تمام ترقیاتی منصوبوں کا آڈٹ کرانے کا حکم بھی دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نے 100 روزہ تبدیلی کے منصوبے پر مکمل توجہ کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی-

ان کا کہنا تھا کہ وہ صاف پانی کی فراہمی، تعلیم اور صحت و صفائی سمیت تمام شعبوں میں تبدیلی چاہتے ہیں۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ عمران خان نے صوبائی وزراء کو اپنی وزارتوں میں غیرضروری اخراجات ختم کر کے سادگی اپنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ کسی بھی وزیر کے ساتھ پروٹوکول برداشت نہیں کیا جائے گا۔

اجلاس کے دوران وزیر اعظم کو پولیس کے نظام میں ریفارمز لانے سمیت صحت کارڈز اور اطلاعات تک رسائی (آرٹی آئی) کے بل پر بھی بریف کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس کی دوسری نشست میں نامزد صدارتی امیدوار عارف علوی، گورنر سندھ  عمران اسماعیل اور نامزد گورنر پنجاب چودھری سرور بھی شرکت کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان صدارتی انتخاب کے سلسلے میں سینئر وزرا کو اہم ذمہ داریاں بھی سونپیں گے۔

 


متعلقہ خبریں