تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام ادارے ایک صفحے پر ہیں، فواد چوہدری

نیب قوانین میں ترمیم سمیت وفاقی کابینہ کے اہم فیصلے

اسلام آباد: وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے کہا ہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ تمام ادارے ایک صفحے پر ہیں۔ وزیراعظم کا خواب ہے کہ  ایشیاء سے غربت کاخاتمہ ہو لیکن یہ اسی وقت ممکن ہے جب دیگر ممالک سے بہترتعلقات ہوں۔

جمعہ کو ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومتی پالیسی میں فرق ہوگا اور نوازشریف کی طرح ذاتی پالیسی نہیں بنائیں گے۔

فواد چودھری نے  کہا کہ پاکستان کو گزشتہ شب بڑی سفارتی کامیابی اس وقت ملی جب مثبت کوششوں سے توہین آمیز خاکوں کا معاملہ رکا۔ گستاخانہ خاکوں کے معاملے پر ہم نے ترکی اوراو آئی سی کو ساتھ ملایا اور ہالینڈ سے شدید احتجاج کیا جس پر کامیابی ملی، برطانیہ اور یورپ کے لوگ بھی خاکوں کے خلاف تھے۔

فواد چودھری نے معاملہ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ کے لیے اس قسم کے معاملات پر عالمی لائحہ عمل بنانے کی ضرورت ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ ایک مخصوص ٹولہ اس قسم کےاقدامات کرتا ہے کہ عالمی سطح پر کشیدگی ہو لیکن کسی کو اجازت نہیں دی جاسکتی کہ وہ مذہبی جذبات کوٹھیس پہنچائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان اس پر بہت دکھی تھے اورانہوں نے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کو ہدایت کی ہے کہ اس مسئلے کو اقوام متحدہ میں اٹھائیں۔

وزیراعظم  کے دورہ جی ایچ کیو کے متعلق فواد چودھری نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا جہاں انھیں اہم اور حساس معاملات پر بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ فوج حکومت کے ماتحت ادارہ ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نےکہا کہ  وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ تمام چیلنجوں سے تن تنہا نہیں نمٹا جاسکتا، تمام اداروں کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

پاک بھارت تعلقات پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ امن چاہتا ہے، دونوں ایٹمی قوتیں ہیں لہذا فائدہ کسی کا نہیں ہوگا۔

انہوں نے پیشکش کی کہ بھارت معاہدہ کرے ہم غربت اورجہالت کے خلاف جنگ کرتے ہیں۔

پی ٹی آئی حکومت کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ تعلقات کومعمول پر لانا اہم ایجنڈا ہے لیکن مسئلہ کشمیرکو حل کیے بغیر خطےمیں امن و استحکام ممکن نہیں ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے واضح کیا کہ یہ نہیں ہو سکتا ہے کہ امریکا کیلیے چین سے تعلقات ختم کردیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام ہمسایہ ممالک سے بہتر تعلقات کا خواہش مند ہے۔ سی پیک کو نہ صرف مکمل بلکہ آگے لے کر جانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا جاپان کے ساتھ تعلقات میں مزید مضبوطی لائیں گے، جاپانی سرمایہ کاروں کوپاکستان کی طرف راغب کریں گے۔ ہم تو خواہش مند ہیں امریکہ اور روس بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کریں۔ افغانستان  کے حوالے سے وزیراطلاعات نے کہا کہ افغانستان کے معاملے میں پیچیدگیاں ہیں اوریہ اتنا سادہ بھی نہیں ہے۔

فواد چودھری نے واضح کیا کہ افغانستان میں امریکہ، روس اور ایران کے بھی مفادات ہیں، ہم افغانستان میں امن و استحکام چاہتے ہیں۔

ایک سوال پر وفاقی وزیر نے کہا کہ فن کاروں کے خلاف غلط زبان استعمال نہیں کی جانی چاہیے۔ فیاض الحسن چوہان اپنے ریمارکس پر معذرت کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں