اسحاق ڈار کے آمدن سے زائد اثاثے، تین مزید گواہ طلب

اسحاق ڈار کے آمدن سے زائد اثاثے، تین مزید گواہ طلب | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: انسداد بدعنوانی کے لیے قائم احتساب عدالت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے آمدن سے زائد اثاثوں سے متعلق ریفرنس میں تین مزید گواہوں کو طلب کر لیا ہے۔

جمعہ کے روز اسحاق ڈار آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کیس کی سماعت ہوئی جس میں استغاثہ کے گواہ عمر دراز کا بیان قلمبند کیا گیا۔

عدالت نے نیب سے تعلق رکھنے والے گواہ بشارت محمود کا بیان بھی قلمبند کیا۔ انہوں نے بتایا کہ یکم نومبر 2017 کو نیب لاہور سے کال آف نوٹس ملا تھا۔ نیب راولپنڈی میں 2004 سے کلرک کی خدمات سرانجام دے رہا ہوں۔

حالیہ سماعت میں تیسرے گواہ کا بیان قلمبند نہیں کیا جا سکا۔ عدالت نے مقدمہ کے تین مزید گواہوں اشتیاق احمد، محسن احمد اور طارق سلیم کو آئندہ سماعت پر طلب کیا ہے۔

احتساب عدالت نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس کی سماعت پانچ ستمبر تک ملتوی کر دی ہے۔

ریفرنس سے متعلق ذرائع کے مطابق 21 جولائی کو وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے سابق وزیر خزانہ کے خلاف انٹرپول کے لیے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔ جس میں عالمی ادارے سے اسحاق ڈار کو وطن واپس لانے کے لیے تعاون کی درخواست کی گئی تھی۔

گزشتہ برس اکتوبر سے لندن میں مقیم اسحاق ڈار کو عدالت کی جانب سے مفرور قرار دے رکھا گیا ہے۔ گزشتہ برس ہونے والی نیب میٹنگ میں اسحاق ڈار کو وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

اسحاق ڈار کے خلاف دائر ریفرنس کے مطابق ان کے اثاثوں کی مالیت ظاہر کردہ آمدن سے کہیں زیادہ ہے۔ نیب نے 28 جولائی کو پانامہ پیپرز کیس میں سپریم کورٹ کے دیے گئے فیصلہ کی روشنی میں ریفرنس فائل کیا تھا۔


متعلقہ خبریں