سمندر پار پاکستانی ووٹ ڈال سکیں گے، الیکشن کمیشن


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) کا کہنا ہے کہ سمندر پار پاکستانیوں کو انٹرنیٹ ووٹنگ کی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق ضمنی انتخابات میں سمندر پار پاکستانی انٹرنیٹ کے ذریعے اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔ پہلے مرحلے میں ضمنی انتخابات کے مخصوص حلقوں سے تعلق رکھنے والے سمندرپار پاکستانی ووٹرز کی رجسٹریشن کی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ایسے پاکستانیوں کو رجسٹرڈ کیا جائے گا جن کے پاس سمندر پار پاکستانیوں کا قومی شناختی کارڈ (این آئی سی او پی) یا مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ (ایم آر پی) ہو گا۔ رجسٹرڈ ہونے والے افراد 14 اکتوبر کے ضمنی انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔

سمندر پار پاکستانیوں کی رجسٹریشن یکم ستمبر سے 15 ستمبر تک کرائی جا سکے گی جو کہ پاکستانی الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ یا www.overseasvoting.gov.pk پر موجود طریقہ کار کے تحت کی جا سکے گی۔

الیکشن کمیشن نے بتایا کہ سیکرٹری خارجہ کو کہا جا چکا ہے کہ وہ بیرونی ممالک میں مقیم پاکستانی سفارتخانوں کو مطلع کر دیں۔

گزشتہ ہفتے سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا تھا کہ وزارت خارجہ، نادرا اور بیرون ملک پاکستانی سفارتخانے آگاہی مہم چلائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ سمندرپار پاکستانی رجسٹریشن کرا سکیں۔ اجلاس میں نادرا حکام بھی شریک تھے۔


متعلقہ خبریں