نواز شریف چند دنوں تک ہمارے ساتھ ہوں گے، ایاز صادق


لاہور: قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اور مسلم لیگ ن کے رہنما ایاز صادق نے کہا ہے کہ  ان کی نوازشریف سے چار بار ملاقات ہوئی ہے، میاں صاحب کے حوصلے بلند ہیں، چند دنوں کی بات ہے پھر وہ بھی ہم سب کے ساتھ ہوں گے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نون لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جو لوگ برے وقت میں ساتھ چھوڑ دیتے ہیں ان کی عزت نہیں رہتی، مجھ پر الیکشن کے بعد ذمہ داری ڈالی گئی ہے جس کی وجہ سے مجھے نوابزادہ نصراللہ خان والا کردار ادا کرنا پڑا ہے۔

حالیہ انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کافی حلقوں میں فارم 45 مہیا نہیں کیا گیا۔ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے میں ناکام رہا ہے، اسے قوم کے پیسے کا حساب دینا ہو گا۔

ایاز صادق نے کہا کہ انتخابی تاریخ میں پہلی بار ہوا ہے کہ شام چھ بجے الیکشن ختم ہوا اور رات 12 بجے اس کا نتیجہ آیا۔ ہار کے ڈر سے میرے اور شہباز شریف کے حلقوں کی گنتی نہیں ہونے دی گئی۔

سابق اسپیکر اسمبلی کا کہنا تھا کہ اگر نگراں حکومت کا بس چلتا تو نون لیگ کے تمام لوگوں کو الیکشن سے پہلے جیل میں ڈال دیا جاتا۔

تحریک انصاف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر پہلے بھی فرسٹ نہیں اکانومی کلاس میں سفر کرتے تھے، تحریک انصاف والے پروٹوکول نہیں لیتے لیکن 12  گاڑیوں کے ساتھ سفر کرتے ہیں، اب میں بھی اپنے حلقے میں ہیلی کاپٹر پر آؤں گا کیونکہ اس کا کرایہ پچاس پچپن روپے ہے۔

ایاز صادق نے کہا کہ یہ کون سا انصاف ہے کہ ایک شخص کو روکنے پر ڈی پی او کوسزا دی جائے،  وزیر اعلیٰ پنجاب کے پروٹوکول کی وجہ سے ایک بچی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی۔

انہوں نے کہا کہ این اے 131 میں ضمنی انتخاب ہونے جا رہا ہے، ہم اس میں بھرپور حصہ لیں گے، 14 اکتوبر کو فیصلہ کن دن ہوگا اور ہم ثابت کریں گے کہ لاہور آج بھی ن لیگ کا قلعہ ہے۔

صدارتی انتخاب پر متحدہ اپوزیشن کے کردار پر بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ صدر کے لیے  مشترکہ امیدوار نہیں لایا گیا۔


متعلقہ خبریں