صدارتی انتخابات: چار امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور

فائل: فوٹو


اسلام اباد: پاکستان میں آئندہ صدارتی انتخابات کے لیے سامنے آنے والے امیدواروں کے کاغذات کی جانچ پڑتال کا عمل مکمل ہو چکا ہے جس میں چار امیدواروں کے کاغذات منظور کیے گئے ہیں۔

حکومتی جماعت کے نامز کردہ ڈاکٹر عارف علوی،  پیپلزپارٹی کے امیدوار اعتزاز احسن، متحدہ اپوزیشن کے امیدوار مولانا فضل الرحمن اور ان کے کورنگ امیدوار امیر مقام  کے کاغذات منظور کر لیے گئے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا خاں نے صدارتی امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی۔

 چیف الیکشن کمشنر نے سب سے پہلے پیپلزپارٹی کے نامزد امیدوار اعتزاز احسن  کی نامزدگی فارم کی جانچ پڑتال کی جس میں ان کے کاغذات درست قرار پائے جنہیں منظور کر لیا گیا۔ اعتزاز احسن کے ساتھ پارٹی کے سینئر رہنما رضا ربانی، شیریں رحمان اور قمر الزمان کائرہ الیکشن کمیشن پہنچے تھے۔

چیف الیکشن کمشنر نے تحریک انصاف کے صدرتی امیدوار ڈاکٹرعارف علوی کے کاعذات نامزدگی کی جانج پڑتال کی۔ ان کے ساتھ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، سینیٹر شبلی فراز، رکن قومی اسمبلی فرخ حبیب، ایم این اے صداقت عباسی الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے۔

شاہد اورکزئی نے عارف علوی کے کاغزات نامزدگی پر اعتراض کیا۔ اورکزئی نے کہا کہ عارف علوی نے وزیراعظم عمران خان کو ووٹ دیا جس کی وجہ سے وہ جانبدار ہیں۔ انہوں نے چیف الیکشن کمشنر سے عارف علوی کے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کی استدعاء کی تاہم  شاہد اورکزئی کے دلائل سننے کے بعد چیف الیکشن کمنشر نے ان کی استدعا مسترد کر دی۔

جانچ پڑتال کے بعد عارف علوی کے کاغذات بھی منظور کر لیے گئے۔

جیف الیکشن کمشنر نے اپوزیشن کے امیدوار مولانا فضل الرحمن کے کاعذات نامزدگی بھی منظور کر لیے۔ مولانا فضل الرحمن خود الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ جانج پڑتال کے دوران متحدہ پوزیشن کے رہنما عبدالغفور حیدری، احسن اقبال اور امیر مقام الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔

الیکشن کمیشن نے صدارتی امیدوار عمران احمد کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے۔ عمران احمد کے تائید اور تجویز کنندگان کاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی کے دوران الیکشن کمیشن کے سامنے پیش نہیں ہوئے جس کی وجہ سے چیف الیکشن کمشنر نے ان کے کاغذات مسترد کیے۔

تائید اور تجویز کنندگان نہ ہونے پر چیف الیکشن کمشنر نے میر افضل کے بھی کاغذات نامزدگی مسترد کر دیے، اسی طرح ایک اور امیدوار محمد شہباز خان کے کاغذات نامزدگی بھی الیکشن کمشن نے مسترد کر دیے۔ شہباز خان کے کاغذات نامزدگی بھی تائید اور تجویز کنندگان نہ ہونے پر مسترد کئیے گئے۔

اسکروٹنی کا عمل مکمل ہونے پربارہ امیدواروں میں سے صرف چار امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور ہوئے جبکہ آٹھ امیدوار کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔  امیدواروں کے کاعذات نامزسگی بنیادی طور پر  تجویز کنندہ اور تائید کنندہ نہ ہونے کی وجہ سے مسترد ہوئے۔


متعلقہ خبریں