صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی کا آخری دن

الیکشن کمیشن

اسلام آباد: صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ہے، انتخاب میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار آج پیر 12  بجے تک کاغذات جمع کرا سکیں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق امیدوار اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ میں پریذائیڈنگ افسروں کو اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکتے ہیں۔

کاغذات کی جانچ پڑتال 29 اگست تک مکمل کرلی جائے گی، امیدوار اپنے کاغذات 30 اگست تک واپس لے سکیں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست بھی 30 اگست کو ہی جاری ہوگی۔

صدارتی انتخاب کے لیے ووٹنگ چار ستمبر کو قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی جس میں  سینیٹ، قومی اسمبلی اور صوبائی اسمبلیوں کے اراکین اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

صدر کے انتخاب کے لیے ہونے والی پولنگ صبح دس بجے سے لے کر شام چار بجے تک جاری رہے گی۔

برسراقتدار جماعت پاکستان تحریک انصاف نےعارف علوی کو صدر پاکستان کے عہدے کے لیے نامزد کر رکھا ہے جب کہ حزب اختلاف کی جماعتوں میں کسی نام پر تاحال اتفاق رائے پیدا نہیں ہوسکا۔

پاکستان پیپلزپارٹی نے اعتزازاحسن کو صدارتی امیدوار کے لیے نامزد کیا ہے جب کہ پاکستان مسلم لیگ ن اور متحدہ مجلس عمل نے اعتزازاحسن پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے لیکن پیپلزپارٹی ان کا نام واپس لینے کو تیار نہیں۔

پاکستان مسلم لیگ ن نےسید یوسف رضا گیلانی کی تجویز دی تھی جس کے جواب میں پیپلزپارٹی قیادت  نے کہا ہے کہ کسی بھی منصب کے لیے نام دینے کا استحقاق اس کی پارٹی قیادت کا ہوتا ہے۔

پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درمیان اسلام آباد میں رات گئے مشترکہ امیدوار پر اتفاق کے لیے اہم نشست بھی سود مند ثابت نہ ہوسکی۔ دوسری جانب مصالحت کار کا کردار ادا کرنے والے متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان بھی اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کا فیصلہ نہ ہونے پر ناراض نظر آتے ہیں۔

اسی دوران ایک خبر یہ بھی سامنے آئی ہے کہ پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین خود صدارتی امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی جمع کرائیں گےلیکن تاحال اس کی کوئی تصدیق یا تردید سامنے نہیں آئی۔

ایف آئی اے آصف علی زرداری کےخلاف جعلی بینک اکاونٹس کیس میں تفتیش کررہی ہے، سابق صدر کئی بار طلبی کے باوجود تفتیش کے لیے پیش نہیں ہوئے جس کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے تو آصف زرداری نے حفاظتی ضمانت حاصل کررکھی ہے۔


متعلقہ خبریں