سام سنگ نےسستا ترین اسمارٹ فون متعارف کرا دیا

سام سنگ نےسستا ترین اسمارٹ فون متعارف کرادیا


سیؤل: سام سنگ نے اپنا سستا ترین اسمارٹ فون گلیکسی جے 2 کور متعارف کرادیا۔ جنوبی کورین کمپنی نے پہلی بار اس فون میں گوگل کا ‘اینڈرائیڈ گو’ پروگرام استعمال کیا ہے۔

اینڈرائیڈ گو ان فونز میں استعمال ہوتا ہے جن میں نئے آپریٹنگ سسٹم اور گوگل ایپلی کیشنز کی لائٹ ورژن دی گئی ہوں۔

کمپنی کا دعویٰ ہے کہ لائٹ ورژن ایپس اور آپریٹنگ سسٹم کے باوجود گیلیکسی جے 2 کور صارفین کو ایک مکمل اسمارٹ فون کا تجربہ فراہم کرے گا، کمپنی کا کہنا ہے کہ اس میں چند ایسے اہم فیچرز بھی استعمال ہوئے ہیں جو ہائی اینڈ ڈیوائسز کا حصہ ہوتے ہیں، خصوصاً یہ پہلی بار اسمارٹ فون لینے والوں کے لیے زیادہ اچھا ثابت ہوگا۔

سام سنگ کے یہ فون میں اینڈرائیڈ اوریو 8.1 کے ساتھ لانچ ہو رہا ہے جبکہ سام سنگ نے اس میں اپنے یو آئی کو بھی آپریٹنگ سسٹم کا حصہ بنایا ہے۔

گیلیکسی جے 2 کور میں 5 انچ کا ایل سی ڈی ڈسپلے دیا گیا ہے جبکہ ایکسینوس 7570 پراسیسر، 2600 ایم اے ایچ بیٹری، 1 جی بی ریم اور 8 جی بی اسٹوریج ہوگی تاہم اس میں میموری کارڈ سے اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

اس کی بیک پر 8 میگا پکسل کیمرہ ایل ای ڈی فلیش کے ساتھ دیا گیا ہے جبکہ فرنٹ پر 5 میگا پکسل کیمرہ ہے۔

ابتدا میں یہ فون بھارت اور ملائیشیا میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا اور مستقبل قریب میں دیگر مارکیٹوں میں بھی دستیاب ہوگا۔

سام سنگ نے اس کی قیمت 100 ڈالرز سے کم رکھی ہے یعنی پاکستان میں یہ 10 سے 12 ہزار روپے کے درمیان فروخت کے لیے پیش ہوسکتا ہے۔


متعلقہ خبریں