صدارتی انتخاب، پیپلز پارٹی نے دیگر ناموں پر غور شروع کردیا


اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی نے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے صدارتی امیدوار کے لیے اعتزاز احسن کے نام پر اتفاق نہ ہونے کی وجہ سے دیگر ناموں پر غور شروع کر دیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت اب سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی، سینیٹر شیری رحمان اور سابق اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کے ناموں پر غور کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ فاروق ایچ نائیک، رضا ربانی، فرحت اللہ بابر اور تاج حیدر کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی منظوری کے بعد نئے صدارتی امیدوار کا نام دیگر اپوزیشن جماعتوں کے سامنے پیش کیا جائے گا۔

مسلم لیگ نون کی جانب سے پیپلز پارٹی کو پیشکش کی گئی تھی کہ اگر وہ اعتزاز اعسن کے علاوہ کوئی اور نام پیش کرے تو اس پر مشاورت ہو سکتی ہے۔

آج شام مری میں اپوزیشن جماعتوں کی آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی ) کے بعد احسن اقبال نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے  کہا تھا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے مشترکہ صدارتی امیدوار لانے پر اتفاق کرلیا ہے تاہم پیپلزپارٹی نے قیادت کو اعتماد میں لینے کا وقت مانگا ہے۔


متعلقہ خبریں