شمالی وزیرستان میں بارودی سرنگ کا دھماکہ، ایک اہلکار شہید


راولپنڈی: شمالی وزیرستان میں ڈنڈکلے کے قریب بارودی سرنگ کے دھماکے میں پاک فوج کا ایک اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہو گئے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق افواج پاکستان کی بم ڈسپوزل ٹیم آپریشن رد الفساد کے سلسلے میں معمول کے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن میں مصروف تھی جب ان کی گاڑی بارودی سرنگ سے ٹکرا گئی۔

اس واقعہ میں پاک فوج کا حوالدار احمد خان شہید ہو گیا، شہید کی عمر 38 برس تھی اور ان کا تعلق میانوالی سے تھا، ان کے پسماندگان میں ایک بیٹا، دو بیٹیاں اور ایک بیوہ شامل ہیں۔

حوالدار احمد خان شہید

پاکستان میں دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف شروع کیے گئے آپریشن ردالفساد میں پاک فوج کو عظیم الشان کامیابیاں ملی ہیں تاہم ان کوششوں میں سیکیورٹی فورسز کو بہت قربانیاں بھی دینی پڑی ہیں۔

دہشت گردوں نے فاٹا میں بارودی سرنگوں کا ایک جال بچھا دیا تھا جنہیں ناکارہ بناتے ہوئے فوج کے کئی جوان شہید ہو چکے ہیں، رواں برس اپریل میں بھی بارودی سرنگیں ناکارہ بناتے ہوئے پاک فوج کے حوالدار عرفان علی نے جام شہادت نوش کیا تھا۔


متعلقہ خبریں