سکھر تعلیمی بورڈ کا اعلیٰ ثانوی جماعت کے نتائج کا اعلان


سکھر: سکھر تعلیمی بورڈ نے اعلیٰ ثانوی جماعت انٹر میڈیٹ کے نتائج کا اعلان کر دیا ہے۔ پری میڈیکل گروپ میں طالبات جبکہ پری انجینیئرنگ گروپ میں طلباء بازی لے گئے۔

سکھر ثانوی تعلیمی بورڈ کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائر اسیکنڈری اسکول بیراج کالونی سکھر کی طالبہ لاریب مریم نے 967 نمبرز لے کر پری میڈیکل اور بورڈ کی سطح پر پہلی پوزی‍شن حاصل کی جبکہ اقراء ہائر سیکنڈری اسکول گمبٹ کے فاروق احمد نے 965 نمبرز لے کر پری میڈیکل اور بورڈ کی سطح پر دوسری پوزی‍شن حاصل کی۔

سمرا انگل‍ش ہائی اسکول گمبٹ کی جویریہ ناز نے 957 نمبرز حاصل کر کے پری میڈیکل اور بورڈ کی سطح پر تیسری پوزی‍شن جبکہ گورنمنٹ اسلامیہ سائنس کالج سکھر کے فہیم حسین جوکھیو نے 955 نمبرز حاصل کر کے پری انجینیئرنگ گروپ میں پہلی پوزی‍شن حاصل کی۔

پاک ترک انٹرنی‍شنل اسکول خیرپور کی مریم قادر پری انجینئرنگ گروپ میں 953 نمبرز کے ساتھ دوسری پوزی‍شن جبکہ آرمی پبلک اسکول پنو عاقل کے عذیر احمد پری انجینئرنگ گروپ میں 952  نمبرز کے ساتھ تیسری پوزی‍شن پر رہے۔

پری میڈیکل گروپ میں 19 ہزار 548 طلبہ و طالبات نے حصہ لیا جس میں سے 15 ہزار 402 پاس جبکہ 4 ہزار 113 فیل ہوئے۔ بورڈ نے 33 طلباء و طالبات کے نتائج روک لیے۔

پری انجینیئرنگ گروپ میں 17 ہزار 141 طلباء و طالبات نے حصہ لیا جس میں سے 13 ہزار 337 پاس جبکہ 3 ہزار 745 فیل ہوئے جبکہ 62 طلباء و طالبات کے نتائج روک لیے گئے۔

ناظم امتحانات سکھر بورڈ عبدالسمیع سومرو نے کہا کہ سکھر تعلیمی بورڈ وہ واحد بورڈ ہے جس نے سندھ میں سب سے پہلے اعلیٰ ثانوی جماعت کے نتائج کا اعلان کیا ہے۔


متعلقہ خبریں