عمران 15 دن دھرنا برداشت کر لیں، سیاست چھوڑ دوں گا، خورشید شاہ


سکھر: پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما اور نو منتخب رکن  قومی اسمبلی (ایم این اے) سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی اپوزیشن میں ہے، پاکستان کے ایشوز پر کردار ادا کرے گے اور ڈٹ کر اپوزیشن بھی کرے گی۔

اسلام آباد سے سکھر پہنچنے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی نمائندگی کی ہے۔

نومنتخب وزیر اعظم پر تنقید کرتے ہوئے خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ابھی میچور نہیں ہوئے، انہیں ابھی تک یقین نہیں کہ وہ وزیر اعظم بن چکے ہیں، انہیں امید تھی کہ عمران خان اپوزیشن کو ساتھ  لے کر چلنے کی بات کریں گے لیکن ان کی غیر سنجیدہ  تقریر پر افسوس ہوا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے بتایا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم کے لیے ووٹ دینے کی بات نہیں ہوئی تھی لیکن پیپلز پارٹی اپوزیشن کے ساتھ  ہے اور نون لیگ کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا اپوزیشن کو ایک ماہ دھرنے دینے والا چیلنج بچگانہ عمل ہے، اگر عمران خان کی حکومت 15 دن کا دھرنا برداشت کرگئی تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔

خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان پارلیمنٹ کو جلسہ گاہ سمجھ بیٹھے ہیں انہیں لگ پتہ جائے گا کہ  اپوزیشن ہوتی کیا ہے۔

سابق قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کا پارلیمنٹ میں تقریر قوم کے سامنے ہے، ہم کوشش کریں گے کہ حکومت مدت پوری کرے۔


متعلقہ خبریں