ماضی بھول کر آگے بڑھنا چاہیے، حمزہ شہباز

عدالت نے حمزہ شہباز کانام بلیک لسٹ سے نکالنے کا حکم دےدیا | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


لاہور: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ اقتدار آنے جانے والے چیز ہے اور ہمیں ماضی کو بھول کر آگے بڑھنا چاہیے۔ پنجاب اسمبلی میں قائد ایوان کے انتخاب کے بعد خطاب کرتے ہوئے حمزہ شہباز نے کہا کہ دھاندلی کے شور میں جیت کی خوشی ماند پڑگئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وقت ایک جیسا نہیں رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 71 سال بعد بھی صرف ایک جماعت کے علاوہ سب پارٹیاں کہہ رہی ہیں کہ الیکشن میں دھاندلی ہوئی ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ انتخابات سے قبل ہمارے 16800 کارکنوں کے خلاف ایف آرز کاٹی گئیں اور کارکنوں کو جیلوں میں بند کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا الیکشن پر عوام کے اربوں روپے خرچ ہوئے لیکن ہزاروں بیلٹ پیپرز نالوں اور گندگی کے ڈھیروں سے ملے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی صدر شہبازشریف کے صاحبزادے کا کہنا تھا کہ اقتدار آنے جانے والے چیزہے، انسان کو شکرگزار ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ یہ ملک قائد کا ملک بنے۔

حمزہ شہباز نے شکوہ کیا کہ اسپیکر اسمبلی کے انتخاب میں ہمارے 12 ووٹ اِدھراُدھر ہوگئے جو اچھی روایت نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس بات کا پتہ چلایا جانا چاہیے کہ ہارس ٹریڈنگ کس نے کی؟

حمزہ شہباز کو پاکستان مسلم لیگ (ن) نے وزیراعلیٰ پنجاب کے منصب کےلیے اپنا امیدوار نامزد کیا تھا۔ وہ ایوان میں صرف 159 ووٹ حاصل کرسکے اوراپنے مدمقابل عثمان بزدار سے شکست کھا گئے۔

پنجاب اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار عثمان بزدار 186 ووٹ حاصل کرکے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔


متعلقہ خبریں