نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب قتل کے ملزم رہے


ڈیرہ غازیخان: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نامزد وزیر اعلیٰ پنجاب محمد عثمان بزدار کے 8 افراد کے قتل میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

ہم نیوز کی خصوصی رپورٹ کے مطابق عثمان بزدار پر الزام تھا کہ انہوں نے 1998 انتخابات کے دوران ووٹ نہ دینے کی رنجش پر پولنگ اسٹیشن پر فائرنگ کر کے 8 افراد کو قتل کیا تھا، اس مقدمے میں ان کے والد اور بھائی بھی نامزد تھے۔

ذرائع کے مطابق عثمان بزدار کو مقامی عدالت نے مجرم قرار دیا تھا تاہم بعد ازاں وہ دیت ادا کر کے رہا ہوئے تھے۔

اس سے قبل اطلاعات آئی تھیں کہ نامزد وزیراعلی کے خلاف نیب میں بھی ایک کیس چل رہا ہے، ان پر تحصیل نظامت کے دور میں سرکاری خزانے کو نقصان پہنچانے اور بوگس بھرتیاں کرنے کا الزام ہے۔

عثمان بزدار کا تعلق جنوبی پنجاب کے علاقہ تونسہ شریف سے ہے، انہوں نے حالیہ انتخابات میں پی پی 286 سے کامیابی حاصل کی ہے۔


متعلقہ خبریں