’فضل الرحمان اپنےکلو گوشت کے لیے بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں‘

فضل الرحمان اپنے کلو گوشت کے لیے بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان اپنے ایک کلو گوشت کے لیے پوری بھینس ذبح کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف کو پارلیمنٹ رہا نہیں کر سکتی کیونکہ انہیں عدالت نے جیل بھیجا ہے، ان کی رہائی کا اختیار بھی عدلیہ کے پاس ہے۔

فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے پاس اکثریت موجود ہے، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کی نشستوں پر توقع کے مطابق ووٹ ملے، حزب اختلاف کو ساتھ لے کر چلیں گے۔

پی ٹی آئی کے ترجمان نے کہا کہ ہمارا حزب اختلاف کے ساتھ کوئی جھگڑا نہیں ہے، وہ چاہتے ہیں کہ مقدمات بند کر دیں حالانکہ یہ مقدمات قومی احتساب بیورو (نیب) اور وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے پاس ہیں، ہم انہیں ختم نہیں کرسکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن اپنی ویب سائٹ پر فارم 45  جاری کرچکا ہے، اپوزیشن کو علم ہی نہیں کہ کن حلقوں میں دھاندلی ہوئی ہے، دھاندلی کے تعین کے لیے اپوزیشن کو کمیشن بنانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے ارکان اسمبلی بھی احتجاج نہیں کرنا چاہتے تھے، ہر معاملے کو احتجاج کی نذر کرنے سے پارلیمنٹ کا نقصان ہوگا، ہمیں اپوزیشن کے حقوق کا احترام ہے، اپوزیشن بھی عوام کے حقوق کا احترام کرے۔


متعلقہ خبریں