نون لیگ کا اسمبلی میں کالی پٹیاں باندھ کر شرکت کا فیصلہ


اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ نون کے پارلیمانی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ 15 اگست کو اسمبلی میں کالی پٹیاں باندھ کر احتجاج کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق  نون لیگ کے صدر شہباز شریف کی  زیرصدارت اجلاس میں احتجاج کے ساتھ  ساتھ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب میں  حصہ لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ 25 جولائی  کو تاریخ کا سب سے متنازعہ انتخاب ہوا ہے، اس کے خلاف ایوان میں اور ایوان سے باہر آواز اٹھائیں گے، جمہوریت کی شمع روشن رکھنے اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے ایوان میں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن میں دھاندلی کا کھوج  لگانے اور پارلیمانی  کمیشن کے قیام کا مطالبہ کریں گے، انتخابات کے فرانزک آڈٹ کرانے کا مطالبہ بھی کریں گے۔

نون لیگ کے صدر کا کہنا تھا کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہو گا، نون لیگی ارکان سے دست بستہ درخواست ہے کہ جس کو پارٹی کہے اسی کو ہی ووٹ ڈالنا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ جس طرح نواز شریف کو بکتربند گاڑی میں احتساب عدالت لایا گیا ہے اس پر لوگ سکتے میں ہیں، نواز شریف اس سلوک کے حقدار نہیں تھے، اگر سیکیورٹی کا مسئلہ ہے تو اسے حل کرنے کے کئی طریقے ہیں۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نون کے ساتھ انتقامی کارروائیاں کی  جا  رہی ہیں لیکن ہم بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نون لیگ اور پیپلزپارٹی کا ساتھ  قائم و دائم  رہے گا، دونوں جماعتیں اپوزیشن میں بیٹھ کر بھرپور کردار ادا  کریں گی۔


متعلقہ خبریں