شاہ محمود کو وزیر خارجہ اور پرویز خٹک کو وزیر داخلہ بنانے کا فیصلہ


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف  نے شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ اور پرویز خٹک کو  وفاقی وزیر داخلہ بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی کو خارجہ امور اور سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو وزارت داخلہ کا قلمدان  سونپنے پر پی ٹی آئی قیادت میں بھی اتفاق ہو گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پرویز خٹک نے وزارت اعلیٰ سے دست بردار ہونے  پر وزارت داخلہ میں دلچسپی ظاہر کی تھی جس پر عمران خان بھی رضا مند ہو گئے ہیں۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کے ایک  مرکزی رہنما  نے پرویز خٹک کو وزیر داخلہ بنانے کے فیصلے کی تصدیق کر دی ہے، ذرائع نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ عمران خان نے شاہ محمود قریشی  کو وزارت خارجہ دینے کی بھی منظوری دے دی ہے۔

شاہ محمود قریشی کو وزیر خارجہ بنانے کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، پی ٹی آئی قیادت نے شاہ محمود قریشی کو بھی اعتماد میں لے لیا ہے اور انہوں نے  وزیر خارجہ کا عہدہ  سنبھالنے  پر رضا مندی ظاہر کر دی ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے 2018 میں قومی اسمبلی کی نشست NA-25  نوشہرہ اور صوبائی اسمبلی کی نشست PK-64  سے کامیابی حاصل کی تھی، عمران خان نے ارکان کی تعداد پوری کرنے کے لیے انہیں قومی اسمبلی کی رکنیت برقرار رکھنے کی ہدایت کی تھی۔

مخدوم شاہ محمود حسین قریشی این اے 156 ملتان سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے ہیں تاہم  وہ اپنے آبائی حلقے سے صوبائی اسمبلی کی نشست پر اپ سیٹ شکست سے دوچار ہوئے تھے۔


متعلقہ خبریں