عمران خان کا سرکاری اداروں میں اصلاحات کا فیصلہ


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے سرکاری ٹی وی چینل اور ریڈیو پاکستان میں اصلاحات کا فیصلہ کیا ہے۔

ہم نیوز کو ذمہ دار ذرائع نے بتایا کہ سرکاری چینل کو صرف حکومتی کوریج تک محدود نہیں رکھا جائے گا بلکہ معلومات ،تفریح اور غیر جانبداری کے ایجنڈے پر گامزن کیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین  پی ٹی آئی سرکاری ٹی وی چینل میں اصلاحات کے لیے تمام ضر وری تبدیلیاں لانے کا ارادہ رکھتے ہیں تاکہ عوام کا اعتماد بحال کیا جائے۔

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما نعیم الحق نے عندیہ دیا ہے کہ پی ٹی آئی پولیس اسٹیشنز میں بھی  ہر طرح کا تشدد ختم کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ غالب امکان ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان وزیراعظم پاکستان کا حلف اٹھانے کے فوری بعد اس ضمن میں احکامات جاری کریں۔ نعیم الحق کا کہنا تھا کہ پولیس اسٹیشنز میں ہونے والا تشدد غیر اسلامی اور غیر آئینی ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ پولیس تشدد سے غریب زیادہ متاثرہوتے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما نعیم الحق نے اس عزم کا اظہارکیا کہ  انشاللہ پاکستان  تحریک انصاف پولیس تشدد کو روکنے کے لیے صحیح سمت میں تمام اقدمات اٹھائے گی۔


متعلقہ خبریں