سی ڈی اے کا پارلیمنٹ لاجز میں خصوصی آپریشن

پارلیمنٹ لاجز

اسلام آباد: کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے پارلیمنٹ لاجز میں غیرقانونی رہائشیوں اورٹک شاپس کے خلاف آپریشن کیا ہے جس میں غیر قانونی طور پر قائم آٹھ ٹک شاپس کو ختم اور متعدد فلیٹس کو واگزار کرایا گیا ہے۔

سی ڈی اے کے ڈائریکٹر سیکیورٹی و انفورسمنٹ فہیم بادشاہ کی سربراہی میں ہونے والے آپریشن کے دوران کوریج کی غرض سے فیڈرل لاجز پہنچنے والے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں پر پابندی عائد کردی گئی۔ صحافیوں کو احاطے میں داخل ہونے سے روکنے کے حکمنا مہ پر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے مرکزی گیٹ پر پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے۔

آپریشن کے متعلق ذمہ دار ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا ہے  کہ مجسٹریٹ عبدالہادی اور علاقہ پولیس کے علاوہ پارلیمنٹ لاجز کا عملہ بھی سی ڈی اے کی معاونت کررہا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ سابق پارلیمنٹیرینز سے کمرے خالی کرائے جارہے ہیں اورآٹھ غیرقانونی طور پر قائم ہونے والی ٹک شاپس کو بھی ہٹاد یا گیا ہے۔ ایسے پارلیمنٹیرینز سے کمرے خالی کرائے جارہے ہیں جو 2018 کے انتخابات میں شکست کھا گئے ہیں۔

آپریشن کرنے والے اداروں کا دعوی ہے کہ کمرے اورٹک شاپس خالی کرانے سے پہلے تمام متعلقہ افراد کو باقاعدہ نوٹس جاری کیے گئے تھے۔ نئے اراکین پارلیمنٹ کو کمرے اسی وقت الاٹ کیے جا سکتے ہیں جب انہیں پرانے مکین خالی کریں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق نئے  منتخب ہونے والے اراکین قومی اسمبلی کا پہلا اجلاس آئندہ ہفتے طلب کیے جانے کا امکان ہے۔ حسب روایت نئے اراکین پارلیمنٹ کو کمرے الاٹ کرنے سے قبل ان کی ضروری مرمت کرائی جاتی ہے جس کے لیے وقت درکار ہوتا ہے۔


متعلقہ خبریں