لاہور میں کوفتہ اور کیچپ فیکٹریاں سیل


لاہور: پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کوفتہ فیکٹری، کیچپ پروڈکشن یونٹ اورچکن سینٹر پر چھاپے مارکر سیل کردیے ہیں۔ حکام نے قوانین کی خلاف ورزی پر 81 فوڈ پوائنٹس پر جرمانے کیے اور 511 کو انتباہی (وارننگ) نوٹسوں کا اجرا کیا۔

ترجمان پنجاب فوڈ اتھارٹی کے مطابق بھوگیوال میں واقع معروف کوفتہ فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا تو کوفتوں کی تیاری کی جگہ انتہائی گندی ملی۔ ترجمان کے مطابق کوفتوں کی تیاری میں بدبودار تیل استعمال کیا جارہا تھا اور برتن بھی بہت گندے تھے۔

اتھارٹی حکام کو دریافت کرنے پر فیکٹری کا لائسنس نہیں ملا، ملازمین کے لیے لازمی طبی سہولیات کا فقدان نظر آیا اورجگہ جگہ کھلے کوڑے دان نظر آئے۔

حکام نے  صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے چارہزار تیارناقص کوفتے اور ان کی تیاری میں استعمال ہونے والا خام مال برآمد کرکے فیکٹری سیل کردی۔ تحویل میں لیا گیا خام مال بڑی مقدار میں موجود تھا۔

اتھارٹی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کوفتہ فیکٹری سے شہر بھر کے معروف ناشتہ اورچنا پوائنٹس خریداری کرتے تھے۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام نے دوسرا چھاپہ چوکے والی پلی کھاڑک نالہ پرمارا جہاں کیچپ پروڈکشن یونٹ قائم ہے۔

حکام کو کیچپ میں ٹماٹر اورمایونیزمیں انڈا برائے نام  نہیں ملا اوردونوں اشیا کی تیاری میں صرف کیمیکلزاورفلیورزکا ہی استعمال دکھائی دیا۔

پبجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کو فیکٹری میں حشرات کی بھرمارملی، ورکرز کی ذاتی صفائی نہ ہونے کے برابر پائی گئی اورطبی سہولیات کا بھی فقدان تھا۔

ترجمان کے مطابق 900  کلو تیار کیچپ اور360 کلو مایونیز سمیت بھاری مقدار میں خام مال برآمد کرکے تلف کردیا گیا۔

چونگی امر سدھو پر واقع داتا چکن سینٹر پہ جب پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام تیسرا چھاپہ مارنے پہنچے تو انہوں نے مکھیوں کی بھرمار، گندے فریزر اوربدبودار ماحول پایا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام نے  صورتحال کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے دکان کو سیل کردیا۔


متعلقہ خبریں