کراچی: میٹرک جنرل گروپ کی مارک شیٹس جاری


کراچی: ثانوی تعلیمی بورڈ  کراچی نے میٹرک جنرل گروپ ریگولر کے سالانہ امتحانات 2018  کی مارک شیٹس جاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

میٹرک بورڈ کے چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر سعید الدین کا کہنا ہے کہ طلبہ کی مارک شیٹس ان کی درس گاہوں کو دیے گئے شیڈول کے مطابق جاری کر دی جائیں گی اور طلبا و طالبات اپنے اپنے اسکولوں سے ہی مارک شیٹس حاصل کرسکیں گے۔

انہوں نے اسکولوں کے سربراہوں کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ اپنے با اختیار نمائندے کو شناختی کارڈ کی فوٹو کاپی، آفس کارڈ اور اتھارٹی لیٹر کے ساتھ  مقررہ تاریخوں میں میٹرک بورڈ  بھیج دیں، یہ نمائندے صبح 9:30 بجے سے شام 4 بجے تک مارک شیٹس حاصل کر سکتے ہیں۔

میٹرک بورڈ کی جانب سے جاری کردہ  نوٹس کے مطابق منگل 7  اگست کو نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، گلبرگ اور  لیاقت آباد کی مارک شیٹس جاری کی گئی ہیں جبکہ بدھ 8 اگست کو جمشید ٹاؤن، گلشن اقبال، شاہ فیصل کالونی اور ملیر اور جمعرات 9 اگست کو لانڈھی، کورنگی، صدر، بن قاسم، کیماڑی، سائٹ، لیاری، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ ٹاؤن اور گڈاپ کی مارک شیٹس جاری کی جائیں گی۔

نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ طلبا و طالبات کی مارک شیٹس ان کے رہائشی پتوں پر پہلے ہی ارسال کر دی گئی ہیں، جن طلبا کو اب تک مارک شیٹس نہیں ملیں وہ بورڈ آفس کے متعلقہ سیکشن سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

اس کے علاوہ اسکروٹنی کے فارم بھی 8 اگست سے 10 ستمبر 2018 تک جمع کیے جائیں گے، انہوں نے طلبا و طالبات کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اسکروٹنی فارم نیشنل بینک، حبیب بینک لمیٹڈ، عسکری کمرشل بینک اور یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ کی بورڈ آفس کی برانچوں سے حاصل کر کے وہیں جمع  کرا سکتے ہیں۔


متعلقہ خبریں