لاہور ہائیکورٹ نے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روک دیا


لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو سیالکوٹ کے حلقہ این اے 73 سے سابق وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے سے روک دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور خواجہ آصف کے انتخابی حریف عثمان ڈار نے لاہور ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہا  ہے کہ انہوں نے سیالکوٹ کے حلقہ این اے 73 سے انتخابات میں حصہ لیا جس میں انہیں خواجہ آصف سے صرف 1406 ووٹوں سے شکست ہوئی۔

درخواست میں عثمان ڈار نے استدعا کی کہ خواجہ آصف کی جیت میں ووٹوں کا فرق بہت کم  ہے جبکہ اس حلقے میں 7 ہزار 346  ووٹ مسترد ہوئے ہیں، ریٹرننگ افسر نے پولنگ ایجنٹس کو فارم 45 بھی جاری نہیں کیے۔

انہوں نے عدالت سے درخواست کی کہ ریٹرننگ افسر نے حلقے کی دوبارہ گنتی کی درخواست مسترد کر دی تھی اس لیے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روک کر دوبارہ گنتی کرائی جائے ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مامون الرشید نے خواجہ آصف کی کامیابی کا نوٹیفیکیشن روکنے کا حکم دیتے ہوئے الیکشن کمیشن اور خواجہ آصف سے 8 اگست کو جواب طلب کر لیا ہے۔


متعلقہ خبریں