تیسرا ون ڈے: جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو شکست دے دی


کینڈی: تیسرے ایک روزہ میچ  میں جنوبی افریقہ نے میزبان سری لنکا  کو 78  رن سے شکست دے کر ٹیسٹ سیریز کی ہار کا بدلہ لے لیا ہے۔

مسلسل تیسرے میچ  میں فتح کے بعد جنوبی افریقہ نے پانچ میچوں کی سیریز میں 3-0 کی ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔

میزبان ٹیم کے کپتان اینجلو میتھیوز نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا لیکن جنوبی افریقی بلے بازوں نے ان کے گیند بازوں کی ایک نہ چلنے دی۔

ریزہ ہینرکس کی شاندار سینچری (102) اور جے پی ڈومینی کے 92 رنز کی بدولت  جنوبی افریقہ نے مقررہ اوورز میں 363/7 رنز اسکور بورڈ پر سجائے، ہاشم آملہ 59 اور ڈیوڈ ملر 51  رنز بنا کر ٹاپ اسکوررز کی فہرست میں شامل ہوئے۔

پہاڑ جیسے ہدف کے تعقب میں سری لنکا کا آغاز مایوس کن تھا، محض 124  رنز کے مجموعے پر آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی۔

دھننجے ڈی سلوا  84 رنز کے ساتھ  تن تنہا افریقی گیند بازوں سے لڑتے رہے اور اپنی ٹیم کو 124/5  کے بھنور سے نکال کر 273/7  تک لے آئے تاہم ان کے آؤٹ ہوتے ہی باقی بلے باز بھی جلد ہمت ہار گئے اور پوری ٹیم  285  کے مجموعے پر آؤٹ ہوگئی۔

جنوبی افریقہ کے نوجوان تیز گیند باز لنگی اینگڈی 57 رنز کے عوض 4 وکٹیں لے کر نمایاں  رہے۔

دونوں ٹیموں کے مابین اگلا میچ  اسی میدان پر 8  اگست کو کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں