چین میں پھنسے پاکستانیوں کی کل وطن واپسی کا امکان

فوٹو: فائل


لاہور: چین میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے شاہین ایئر لائنز نے اپنا ہی طیارہ استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چین کے شہر گونگزو میں پھنسے پاکستانیوں کو تاحال واپس نہیں لایا جا سکا جو ایئرلائنز انتظامیہ کی غیر سنجیدگی کے باعث شدید اذیت کا شکار ہیں۔

شاہین ایئر لائنز کے ترجمان کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کی جانب سے طیارے کے جس پرزے کی خرابی کی نشاندہی کی گئی تھی اُس کا انتظام کر لیا گیا ہے اور شاہین ایئرلائنز  کے انجینئرز پرزے کو تبدیل کر رہے ہیں۔

انہوں نے اُمید ظاہر کی کہ پرزے کی تبدیلی کے بعد سی اے اے، شاہین ایئر لائنز کی پرواز کو اڑان کی اجازت دے دے گی جبکہ انجینئرز بھی پرواز کے ہمراہ گونگزو جائیں گے۔

ترجمان نے کہا کہ ہمیں اُمید ہے کہ معزز عدالت کے احکامات کے مطابق ہم گونگزو سے مسافروں کو پیر کے روز تک پاکستان لے آئیں گے، شاہین ایئر لائنز کو چین میں پھنسے پاکستانیوں کی تکلیف کا احساس ہے اور انہیں جلد از جلد واپس لایا جائے گا۔

ترجمان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تصدیق کی ہے کہ شاہین ایئرلائنز کا طیارہ اتوار کی شب پاکستانیوں کو لانے چین روانہ ہو جائے گا، شاہین ایئرلائنز کے جس پرزے کا مسئلہ تھا وہ بیرون ملک سے منگوا لیا گیا ہے اور اُسے جلد طیارے میں لگا دیا جائے گا۔

شاہین ایئر لائنز کے طیارے کو سی اے اے کی جانب سے تیکنیکی خرابی کے باعث چین جانے سے روک دیا گیا تھا جس کے بعد شاہین ایئر لائنز نے پی آئی اے سے مدد لینے کا فیصلہ کرتے ہوئے انتظامیہ کو خط لکھا تاہم اب شاہین ایئر لائنز نے اپنے طیارے کی مرمت  کے لیے مذکورہ  پرزہ  منگوا لیا ہے۔


متعلقہ خبریں