دیامر میں پولیس پر فائرنگ، ایک اہلکار شہید


دیامر: دیامر کے علاقے تانگیر میں سرچ آپریشن کے دوران پولیس پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک پولیس اہلکار شہید اور ایک اہلکار زخمی ہو گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق تانگیر میں پولیس نے مولانا شہزادہ کے گھر پر چھاپہ مارا تو وہاں سے فائرنگ شروع ہو گئی جس کے نتیجے میں ایک اہلکار شہید اور دوسرا شدید زخمی ہو گیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے جنہیں تھانہ منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ تانگیر میں مزید پولیس فورس بھجوانے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

پولیس پارٹی دیامر میں اسکولوں کو نذرآتش کرنے والوں کے خلاف آپریشن کر رہی تھی جب اس پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی۔

دیامر میں جمعہ کو 13 اسکولوں کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کرنے کے واقعہ کے بعد بڑے پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا تھا جس میں کئی مشتبہ افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے۔

نگراں وزیراعظم جسٹس ریٹائرڈ ناصرالملک  نے اس واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے بھی دیامر میں اسکول جلانے کا ازخود نوٹس لے لیا ہے۔


متعلقہ خبریں