ٹرانسمیشن لائن میں خرابی، منگلا سے بجلی کی فراہمی معطل

فوٹو: فائل


اسلام آباد: منگلا میں 220 کے وی ٹرانسمیشن لائن ٹرپ کرنے سے اسلام آباد اور راولپنڈی سمیت کئی اضلاع کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔

ٹرانسمیشن لائن میں خرابی کی وجہ سے اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی ( آئیسکو ) کو بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید گرمی میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ترجمان آئیسکو کے مطابق لائن میں ٹرپنگ تکنیکی خرابی کی وجہ سے ہوئی جسے ماہرین ٹھیک کرنے میں مصروف ہیں اور جلد بجلی کی فراہمی بحال کر دی جائے گی، ترجمان نے دعوی کیا کہ اسلام آباد میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی مکمل طور پر بحال کر دی گئی ہے۔

آئیسکو کے ترجمان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کے 70 فیصد علاقوں میں بھی بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی ہے جبکہ  اٹک ، جہلم اور چکوال سرکلز میں خرابی دور کر نے کے لیے تیزی سے کام جاری ہے۔

رواں برس مئی میں بھی منگلا ڈیم میں فنی خرابی کی وجہ سے پنجاب اور خیبرپختونخوا میں بجلی کا بڑا بریک ڈاؤن ہوا تھا جسے بحال کرنے میں کئی گھنٹے لگ گئے تھے اور عوام کو بہت مشکل کا سامنا کرنا پڑا تھا۔


متعلقہ خبریں