اسلام آباد: پاکستان کے متوقع وزیراعظم عمران خان سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر 81 لاکھ 80 ہزار فالورز کے ساتھ دنیا کے ساتویں مقبول ترین رہنما بن گئے ہیں۔
کرکٹ سے شہرت کی بلندیوں کو چھونے والے عمران خان نے سیاست کی دنیا میں آنے کے بعد بھی اپنی شہرت میں کوئی کمی نہیں آنے دی۔ اس بات کا منہ بولتا ثبوت ٹوئٹر پر عمران خان کا عالمی رہنماؤں کی فہرست میں ساتویں نمبر پر آنا ہے۔
ٹوئٹر پر 81 لاکھ 80 ہزار افراد کی فالونگ رکھنے والے عمران خان نے سماجی رابطے کی ایپلیکیشن پر فالوورز کی تعداد کے اعتبار سے کینیڈا کے ہر دلعزیز وزیراعظم جسٹن ٹروڈو کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ فرانسیسی صدر ایمینول میکرون اور اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو بھی عمران خان سے بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔
اس وقت ٹوئٹر پر فالوورز کے لحاظ سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے نمبر پر براجمان ہیں۔ ان کے فالوورز کی تعداد پانچ کروڑ 34 لاکھ ہے۔ چار کروڑ 33 لاکھ فالورز کے ساتھ دوسرا نمبر بھارت کے وزیراعظم نریندرا مودی کا ہے۔ تیسرے نمبر پر پوپ فرانسس ایک کروڑ 77 لاکھ فالورز کے ساتھ موجود ہیں۔
ترکی کے صدر رجب طیب ایردوان، اردن کی ملکہ رانیہ اور انڈونیشیا کے صدر جوکو ودودو کا 3 کروڑ 1 لاکھ، 1 کروڑ 6 لاکھ، 2 کروڑ 6 لاکھ فالورز کے ساتھ چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
ترک صدر کے ٹوئٹر اکاؤنٹس متعدد زبانوں میں موجود ہیں جو انہیں دیگر عالمی رہنماؤں کی نسبت امتیازی حیثیت دیتے ہیں۔
ٹوئٹر پر مقبولیت بتاتی ہے کہ 2018 کے انتخابات میں قومی اسمبلی کی سب سے زیادہ نشستیں حاصل کرنے والی تحریک انصاف سربراہ عمران خان پاکستان کے ساتھ بیرون ملک بھی یکساں مقبولیت رکھتے ہیں۔