مقبوضہ کشمیر میں شہادتوں کے خلاف ہڑتال، انٹرنیٹ معطل


سری نگر: قابض بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں مزید دو بے گناہ اورنہتے  کشمیریوں کو شہید کردیا۔

کشمیری ذرائع ابلاغ کے مطابق ضلع بارہ مولا کے علاقے سوپور میں محاصرے اور سرچ آپریشن کے دوران ظہوراحمد اور بلال احمد شاہ کو شہید کیا گیا۔

بھارت کے ریاستی مظالم پر علاقے میں صورتحال انتہائی کشیدہ ہوگئی ہے اور مظلوم کشمیری سراپا احتجاج بنے ہوئے ہیں۔

بھارتی افواج اورپولیس حکام نے صورتحال قابو میں رکھنے اورجمعہ کی نماز کے بعد کسی بھی ممکنہ احتجاج کو روکنے کے لیے روایتی ہتھکنڈے کے طورپر علاقے میں مواصلاتی نظام معطل کردیا ہے۔

بیرونی دنیا کو صورتحال سے بے خبر رکھنے کے لیے قابض بھارتی افواج نے ضلع بارہ مولا میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بند کردی ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق علاقے کے تمام تعلیمی ادارے بھی بند ہیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی افواج کی بربریت اور بے گناہ نہتے کشمیریوں کی شہادت کے خلاف کپواڑہ، تریگام، لولاب اورکلا روس میں مکمل شٹرڈاؤن ہڑتال ہے۔

قابض بھارتی حکام نے کسی بھی ممکنہ احتجاج سے بچنے کے لیے علاقے میں فوج، پیراملٹری فورسز اورپولیس کی نفری میں غیر معمولی اضافہ کردیا ہے۔

عینی شاہدین کے مطابق علاقے کے تمام خارجی اورداخلی راستوں پر سیکیورٹی فورسز کی بھاری نفری تعینات ہے اورتمام ممکنہ راستے مکمل طور پر بند کردیے گئے ہیں۔


متعلقہ خبریں