ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی کا کہنا ہے کہ امریکا بند گلی میں پھنس چکاہے،ایران امریکا کی اقتصادی جنگ کامقابلہ کرکے اسے ناکام بنائے گا۔
یاد رہےامریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کو کسی بھی قسم کی مدد یا سہارا فراہم کرنے والے ممالک کو سنگین معاشی نتائج کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ممالک کیخلاف غیر معمولی پیمانے پر معاشی جنگ اور تنہائی کی پالیسی اختیار کی جائے گی۔
دوسری جانب ایران کی مسلح افواج نے خلیج فارس سے متصل ممالک کو خبردار کیا ہے کہ امریکا کو کسی بھی قسم کی فوجی مدد یا سہولت فراہم کرنا امریکی فوجی کارروائیوں میں براہِ راست شرکت کے مترادف سمجھا جائے گا۔
اب ایک انٹرویو میں محسن رضائی نے کہا ہے کہ امریکا کو جارحانہ کارروائیاں روکنا ، خطے میں بحری ٹریفک میں مداخلت سے باز رہنا ہوگا،ایسی کارروائیاں جاری رہیں تو ایران پورے خلیج فارس سے تیل کی ترسیل روک سکتا ہے،فی الحال آبنائے ہرمز بندہے،خلیج فارس میں موجود تیل کو نشانہ نہیں بنا رہے۔
انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ آبنائے ہرمز کودوبارہ کھولنے پر غور نہیں کررہے، امریکا پہلے وعدے پورے کرے،ایران اور عمان نے آبنائے ہرمز کے ذریعے ایک تجارتی راستے پر اتفاق کیا،مگراس حوالے سے مشترکہ بیان ابھی تیار نہیں کیا۔
اقتصادی پابندیاں محض پروپیگنڈا ہیں ، ایران بدستور تیل برآمد کر رہا ہے،صرف گزشتہ ایک یا دو ماہ میں ہم نے 7 کروڑ بیرل تیل برآمد کیا۔
ایران جنگ نہیں چاہتا تاہم اپنے خلاف کارروائیوں کی مزاحمت جاری رکھے گا،امریکا نے خطے میں اپنی افواج میں اضافہ کیا توانہیں نشانہ بنائیں گے۔
