منشیات فروش پولیس اہلکار، خاتون کو ہراساں کرنے والوں سمیت سات گرفتار

۔—فائل فوٹو۔


کراچی: پولیس نے منشیات فروشی میں ملوث پولیس اہلکار اور خاتون کو ہراساں کرنے والے دو ملزموں سمیت سات ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ ایک اور واقعہ میں ڈکیتی کی کوشش کے دوران مزاحمت پر فائرنگ سے وقاص نامی شہری زخمی ہوگیا۔

ہم نیوز کے مطابق سپرمارکیٹ پولیس نے  سی ایریا قبرستان کے قریب خفیہ اطلاع ملنے پر کارروائی کرتے ہوئے تین منشیات فروشوں کو گرفتارکیا۔ ابتدائی تفتیش میں ملزم اظہر میاں نے بتایا کہ وہ پولیس اہلکار ہے اورگزشتہ 26 سال سے ملازمت کررہا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم سیکیورٹی زون میں تعینات ہے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے برآمد ہونے والے تین پستول، اڑھائی کلو چرس، چھ موبائل، نقدی اورمسروقہ موٹرسائیکل بھی تحویل میں لے کر مقدمہ درج کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان قبرستان کے اطراف منشیات فروشی کا دھندا کرتے تھے۔

دریں اثناء کورنگی کے علاقے سے پولیس نے خاتون کو ہراساں کرنے والے دو ملزمان کو بھی گرفتارکیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان ضمیر اورفہد نے نوکری دلانے کا جھانسہ دے کر خاتون کو گھر بلایا اورزیادتی کی کوشش کی۔

شکایت کنندہ خاتون کا کہنا ہے کہ زیادتی کی کوشش کے بعد شور مچانے پر ملزمان نے اسے تشدد کا نشانہ بنایا۔

پولیس نے خاتون کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش کا آغاز کردیا ہے۔

گلشن اقبال پولیس نے شہریوں کو لوٹنے والے دو اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کیا ہے۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اورچھینا گیا سامان بھی برآمد ہوا ہے۔

لاسی گوٹھ نیو کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ملزمان کی فائرنگ سے وقاص نامی شخص زخمی ہوگیا جسے طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں