نون لیگ کو پنجاب نے مسترد کر دیا، فردوس عاشق


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما فردوس عاشق اعوان کا کہنا ہے کہ نون لیگ کو اب یہ مان لینا چاہیے کہ عوام نے انہیں پنجاب میں مسترد کر دیا ہے اور اس صوبے میں تحریک انصاف کی حکومت ہی آئے گی۔

ہم نیوز کے پروگرام ’نیوزلائن‘ کی میزبان ماریہ ذوالفقار سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حالیہ خطاب میں حمزہ شہباز کا انداز بتا رہا تھا کہ وہ پنجاب میں شکست تسلیم کر چکے ہیں، مشکل صورتحال میں ہی انسان کی قائدانہ صلاحیتوں کا پتا چلتا ہے، عمران خان کو حکومت میں آنے کے بعد بہت سے چیلنجز کا سامنا کرنا ہو گا کیونکہ ان کے خلاف مضبوط اپوزیشن ہو گی۔

عمران خان کے آزاد امیدواروں کے خلاف پرانے بیانات کے حوالے سے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کی بات کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے، وہ مختلف بات کر رہے تھے۔

پی ٹی آئی کی رہنما نے کہا کہ آزاد امیدواروں کی خرید و فروخت کا اگر کوئی ثبوت ہے تو پیش کریں  ورنہ الزام تراشی سے گریز کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ جب تک الیکشن کمیشن اپنی ویب سائٹ پر حتمی نتائج کا اعلان نہیں کر دیتا اس وقت تک ہم اپنے امیدواروں کی تعداد کا اعلان نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی میں جمہوریت ہے، ہر فرد کو اپنی بات بیان کرنے کا پورا موقع دیا جاتا ہے اور پھر سب کی مشاورت سے مسائل کا حل تلاش کیا جاتا ہے۔

نون لیگ کی رہنما مائزہ حمید کے جملے ’کوئی شرم اور حیا ہوتی ہے‘ پر ان کا کہنا تھا کہ سب شرم اور حیا اڈیالہ جیل میں بند ہو چکی ہے۔

کرپشن کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جہانگیر خان ترین پر قومی احتساب بیورو (نیب) کا کوئی کیس نہیں جبکہ عبدالعلیم خان نیب کے طلب کرنے پر ہمیشہ حاضر ہوئے ہیں، جہانگیر ترین کی پیٹیشن پر ابھی تک فیصلہ نہیں آیا، اگر ان پر لگایا گیا الزام سچا ثابت ہو جائے تو ٹھیک ورنہ ان پر تنقید کرنا غلط  ہے۔


متعلقہ خبریں