کراچی: چیئرمین پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کے حلقہ این اے 246 پر تعینات چیف پولنگ ایجنٹ سینیٹر یوسف بلوچ نے ریٹرننگ افسر (آراو) رمیش کمار کو ایک بار پھر درخواست جمع کرا دی ہے۔
سینیٹر یوسف بلوچ کا کہنا تھا کہ ہمیں حلقہ 246 کے 244 پولنگ اسٹیشن کے فارم 45، 46 اور 47 کیوں نہیں دیے جارہے، آج دوبارہ تحریری طور پر آر او کو لکھا ہے کہ فارم نہیں دیے گئے، آر او سے مسلسل درخواست کرنے کے باوجود کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔
یوسف بلوچ نے بتایا کہ آج آر او سے ایک بار پھر گزارش کی ہے کہ انتخاب ہوئے 6 گزر چکے ہیں مگر این اے 246 لیاری کے فارم 46 ہمارے حوالے نہیں کیے گئے، ہمیں جلد از جلد یہ فارم فراہم کیے جائیں۔
سینیٹر یوسف بلوچ نے یہ بھی کہا کہ فارم امیدواروں کا حق ہے جو ان کو نہ دے کر پیپلز پارٹی سے زیادتی کی گئی ہے، اگراگلے 24 گھنٹوں میں فارم نہ دیے گئے تو بھرپوراحتجاج کیا جائے گا۔