ایون فیلڈ کیس میں ضمانت، نیب کی قانونی ٹیم تشکیل

ایوان فیلڈ ریفرنس، نواز شریف، مریم، صفدر کی اپیل بھی سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد: ایون فیلڈ کیس میں سزایافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی ضمانت کی درخواست کا جواب دینے کے لیے قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے تین رکنی نئی قانونی ٹیم تشکیل دے دی۔

نیب کی جانب سے قانونی کمیٹی کی تشکیل کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، کمیٹی کا سربراہ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نیب سردار مظفر عباسی کو مقرر کیا گیا ہے جب کہ ایڈیشنل پراسیکوٹر جنرل جہانزیب خان اور حیدر علی خان بھی ٹیم میں شامل ہوں گے۔

نواز شریف اور مریم نواز کو 13 جولائی کی شب وطن واپس پہنچنے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا جب کہ کیپٹن صفدر نے نواز شریف کی وطن واپسی سے چند روز قبل راولپنڈی میں گرفتاری دی تھی۔

ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو ایک ہی کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے، تینوں کے کمرے الگ الگ ہیں تاہم وہ کمپاؤنڈ میں ملاقات کر سکتے ہیں جب کہ نواز شریف اور اُن کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس دی گئی ہے۔

احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر گیارہ سال قید بامشقت، مریم نواز کو آٹھ سال قید بامشقت جب کہ کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔


متعلقہ خبریں