بجلی کی قیمت میں 50 پیسے فی یونٹ کا اضافہ


اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کی جانب سے بجلی کی قیمت میں 50 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اضافہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے۔

بجلی کی قیمت میں 50 پیسے اضافے سے صارفین پر مجموعی طور پر ساڑھے چھ ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ کے الیکٹرک، لائف لائن اور زرعی صارفین پر اضافے کا اطلاق نہیں ہوگا۔

نیپرا نے سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست پر سماعت کی۔ سی پی پی اے نے بجلی کی قیمت میں 70 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی تھی۔

سی پی پی اے کے مطابق جون 2018 میں پانی سے 28 فیصد، کوئلے سے 12 فیصد، گیس سے 41 فیصد اور فرننس آئل سے نو فیصد بجلی پیدا کی گئی۔

سینٹرل پاورپرچیزنگ ایجنسی  کے مطابق گزشتہ ماہ 12 ارب 91 کروڑ یونٹ بجلی پیدا کی گئی جب کہ اس کی پیداوار پر 66 ارب روپے سے زائد لاگت آئی۔

رواں برس جنوری میں نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمت میں دو روپے 99 پیسے فی یونٹ  کمی کی منظوری دی گئی تھی۔


متعلقہ خبریں