بدصوات جھیل کے سیلابی ریلے سے گلگت کو خطرہ


گلگت: ضلع غذر میں بدصوات جھیل میں شگاف کے باعث پیدا ہونے والا سیلابی ریلہ گلگت پہنچ گیا ہے اور اس کا پانی نشیبی علاقوں کے مکانات میں داخل ہو گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سیلابی ریلے کی وجہ سے دریائے گلگت میں طغیانی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ  شکیوٹ، گلاپور ہینزل اور بسین کے علاقے طغیانی کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔

ڈپٹی کمشنر غذر شجاع عالم کا کہنا ہے کہ غذر کے متاثرہ علاقوں  میں ہیلی کاپٹر سروس شروع کر دی گئی ہے جس کے ذریعے اشیائے خورونوش اور ادویات متاثرین تک پہنچائی جائیں گی جبکہ مریضوں کو متاثرہ علاقوں سے ہیلی کاپٹر سروس کے ذریعے اسپتالوں تک منتقل کیا جائے گا۔

ضلع غذر کے علاقے اشکومن کے گاؤں بدصوات میں گلیشیر کا ایک بڑا حصہ دریا میں گرنے سے دریائے اشکومن بند ہوگیا تھا جس سے وہاں ایک کلومیٹر طویل جھیل بن گئی تھی۔

بعد ازاں اس جھیل میں شگاف پڑنے کے باعث ایک بڑا ریلہ دریائے گلگت میں شامل ہو گیا تھا اور اس میں سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی تھی۔

گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس ہیلی کاپٹر نہیں ہیں اس لیے پاک فوج سے ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہے

 


متعلقہ خبریں