اسلام آباد: تاندلیانوالہ کے حلقہ این اے 103 سے آزاد امیدوار مرزا محمد احمد نے گھریلو رنجش پر خودکشی کر لی ہے۔
اطلاعات کے مطابق مرزا محمد احمد کے بیٹوں نے انتخابات میں اپنے باپ کی حمایت سے انکار کیا جس پر چند روز قبل مرزا محمد احمد نے اپنے ویڈیو پیغام میں خودکشی کی دھمکی دی، گزشتہ رات گھر میں باپ اور بیٹوں کے درمیان جھگڑا ہوا جس سے دلبرداشتہ ہو کر انتخابی امیدوار نے خود کو گولی مار دی۔
خودکشی کرنے والے امیدوار کا انتخابی نشان پک اپ تھا، الیکشن کمیشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ آزاد امیدوار کی ہلاکت کے باعث این اے 103 پر انتخابات ملتوی ہو گئے ہیں۔
دوسری طرف الیکشن کمیشن نے بیلٹ پیپرز کی طباعت کا کام مکمل کر لیا ہے، عام انتخابات کے لیے 22 کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں، ان بیلٹ پیپرز پر سیکیورٹی فیچرز بھی موجود ہیں جس کا مقصد دھاندلی کے امکانات کم کرنا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی کے سوا دیگر تمام ملک میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل مکمل کر لی گئی ہے، کراچی میں بیلٹ پیپرز کی ترسیل ہفتے کے روز مکمل کر لی جائے گی۔