نادرا سینٹرز ہفتہ اور اتوار کو بھی کھلے رہیں گے


اسلام آباد: شناختی کارڈوں کی بروقت پرنٹنگ اورترسیل یقینی بنانے کے لیے تمام نادرا سینٹرزہفتہ و اتوار سمیت رات نو بجے تک کھلے رہیں گے۔

اس بات کا فیصلہ چیئرمین نادرا عثمان مبین کی زیرصدارت منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا۔

اعلیٰ سطحی اجلاس میں عوام الناس سے کہا گیا ہے کہ وہ مقررہ اوقات میں نادرا دفاتر سے اپنے شناختی کارڈ وصول کرلیں ۔ نادرا حکام نے متعلقہ کوریئر کمپنی کو بھی ہدایت کی ہے کہ ہفتہ و اتوار کو بھی وہ شناختی کارڈوں کی ترسیل یقینی بنائے۔

اجلاس میں طے کیا گیا کہ شناختی کارڈوں کی پرنٹنگ کا عمل 24 گھنٹے جاری رکھا جائے گا۔ اجلاس میں کیے گئے فیصلے کے مطابق تمام شناختی کارڈ بشمول نارمل کیٹیگری ہنگامی بنیادوں پر پرنٹ کیے جائیں گے۔

نادرا حکام نےفیصلہ کیا کہ 16 جولائی سے قبل موصول ہونے والی درخواستیں ترجیحی بنیادوں پر پرنٹ کی جائیں گی۔

چیئرمین نادرا عثمان مبین کو دوران اجلاس بتایا گیا کہ کیے گئے فیصلے کے مطابق 16 جولائی سے نادرا سینٹرز میں درخواست گزاروں سے ان کے پرانے شناختی کارڈ ضبط نہیں کیے جارہے ہیں۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ زائد المعیاد شناختی کارڈ کے حامل رائے دہندگان بھی ووٹ ڈالنے کے مجاز ہوں گے۔

نادرا کے اعلیٰ سطحی اجلاس کو بتایا گیا کہ شناختی کارڈ کی ترسیل کے لیے نادرا کے دفاتر 25 جولائی کو دن دو بجے تک بھی کھلے رہیں گے۔

25 جولائی 2018 کو منعقد ہونے والے عام انتخابات میں رائے دہندگان کے لیے لازمی ہے کہ وہ ووٹ کا حق استعمال کرنے سے قبل اپنے اصلی شناختی کارڈ پولنگ اسٹاف کو دکھائیں گے۔


متعلقہ خبریں