اڈیالہ جیل: نواز شریف کا پرہیزی ناشتہ اور صبح سویرے چہل قدمی

شریف خاندان کا ٹرائل کھلی کچہری میں ہوگا | urduhumnews.wpengine.com

راولپنڈی: سابق وزیراعظم نواز شریف اور اُن کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں دو دن ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق نوازشریف اور مریم نواز کو جیل میں قیدیوں والا  لباس پہننے کے لیے دے دیا گیا ہے جب کہ کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کو پہلے ہی قیدیوں کا لباس دیا جا چکا ہے جو انہوں نے پہن رکھا ہے۔

نواز شریف نے جیل میں دوسرے دن اپنے فیملی ڈاکٹر کی ہدایت کے مطابق پرہیزی ناشتہ کیا، نواز شریف کے علاوہ مریم نواز اور کیپٹن صفدر نے جیل میں صبح سویرے چہل قدمی بھی کی۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو جمعہ 13 جولائی کی شب لندن سے وطن واپس پہنچنے پر لاہور ایئرپورٹ سے گرفتار کر کے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔

نواز شریف كو سیكیورٹی كمپاؤنڈ  كے  كمرے جبکہ مریم نواز كو خواتین کے حصے میں ووکیشنل ہال میں رکھا گیا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ وہی بیرک ہے جس میں کچھ عرصہ قبل ماڈل اور اداکارہ ایان علی بھی اپنی اسیری کے دن گزار چکی ہیں۔

نواز شریف کو جیل میں بی کلاس دی گئی ہے جبکہ مریم نواز نے بی کلاس لینے سے انکار کرتے ہوئے عام قیدیوں کے ساتھ  رہنے پراصرار کیا اور بقول ان کے یہ ان کا ذاتی فیصلہ ہے جو بغیر کسی دباؤ کے کیا گیا ہے۔

جیل مینول کے مطابق بی کلاس میں ٹیلی ویژن، اخبار اور بیڈ کی سہولت دی جاتی ہے جب کہ  اٹیچ باتھ  روم، پنکھا اور ایک مشقتی بھی دیا جاتا ہے۔

جیل میں پہلے روز نواز شریف نے ناشتے میں صرف چائے لی تھی جب کہ اُنہیں انڈا اور پراٹھا بھی پیش کیا گیا تھا۔

نواز شریف کو ایون فیلڈ ریفرنس میں دس سال قید بامشقت اور مریم نواز کو سات سال قید بامشقت کی سزا سنائی گئی ہے، نواز شریف کے داماد کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔


متعلقہ خبریں