این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین کی ضمانت منظور

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان  نے سابق چیئرمین نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل) ایاز نیازی کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔

عدالت عظمیٰ  نے ایاز نیازی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کا اورانہیں اپنا پاسپورٹ بھی نیب کو جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔ ایاز نیازی کو 25/ 25 لاکھ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم بھی دیا گیا ہے۔

دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ایاز نیازی وفاقی تحقیقاقی ایجنسی (ایف آئی اے) کی عدالت سے ضمانت پر تھے لیکن اس کے باوجود انہیں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ مقدمہ ایف آئی اے سے نیب عدالت میں منتقل ہوا تھا۔

اس موقع پر چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیے کہ لگتا ہے ہم سے ایاز نیازی کے ساتھ  زیادتی ہوگئی ہے۔

عدالت عظمیٰ نے کہا کہ ملزم ضمانت پر تھا تو مقدمہ منتقلی کے بعد ضمانت کی ضرورت نہیں کیوں کہ ایاز نیازی کی نہ ضمانت منسوخ ہوئی نہ دوبارہ ضمانت کا کہا گیا۔

نیب پراسیکیوٹرنے عدالت  کو بتایا کہ مقدمے کے شریک ملزم محسن حبیب وڑائچ کی بیرون ملک روانگی کی اطلاع ہے اسی لیے ان کی سفری تفصیلات جمع کر رہے ہیں۔

سابق چیئرمین نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ ایاز نیازی پر کمپنی میں کرپشن کرنے کے الزامات ہیں۔


متعلقہ خبریں