ملک کے بیشتر علاقوں میں طوفانی بارش، کئی شہر پیرس بن گئے


اسلام آباد: ملک کے بیشتر حصوں میں آج بھی وقفے وقفے سے طوفانی بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ گرمی اور حبس کا زور ٹوٹنے سے شہریوں نے سُکھ  کا سانس لیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں متوقع  ہے، مون سون ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہو چکی  ہیں تاہم  پنجاب  اور سندھ  کے میدانی علاقوں میں بدھ کو موسم گرم اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہو گیا ہے اور ملک کے بیشتر حصوں میں جمعرات سے اتوار تک شدید بارش ہو گی۔

کراچی میں بھی آج صبح سویرے بادلوں نے انگڑائی لی اور شہر قائد  کے باسیوں کو خوشگوار موسم کی نوید سنا ڈالی،  ہلکی بارش سے نہ صرف شہری بلکہ چرند پرند بھی تازگی محسوس کرنے لگے،  کراچی میں مطلع ابر آلود ہے اور وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور ٹھنڈی ہواؤں کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کا درجہ حرارت 29 ڈگری سینٹی گریڈ ہے جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے، ہوا میں نمی کا تناسب 81  فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔

لاہور میں دوسرے روز بھی موسم انتہائی خوشگوار ہے، کالی گھٹائیں کسی بھی وقت برسنے کو تیار ہیں، منگل کے روز بارش اور اتوار کے روز تک متوقع  بارشوں کے  پیش نظر شہری انتظامیہ اور واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجینسی (واسا)  کو الرٹ  کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سول ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی موسمیاتی وارننگ جاری کر دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ  تیز بارش یا آندھی کی صورت میں چھوٹے طیارے لینڈ یا ٹیک آف نہیں کر پائیں گے۔

گوجرانوالہ، سیالکوٹ، ڈسکہ سمیت مختلف شہروں میں موسلا دھار بارش سے جل تھل ہو گیا، سیالکوٹ میں تیز بارش سے نشیبی علاقے زیر آب آ گئے اور شہر کی سڑکوں پر کئی کئی فٹ پانی  جمع ہو گیا، نشیبی علاقوں کے گھروں میں پانی داخل ہونے سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سیالکوٹ میں بارش نے انتظامیہ کے دعووں کی پول بھی کھول دی اور لاہور کے بعد سیالکوٹ بھی چند گھنٹوں کی بارش سے پیرس کی شکل اختیار کر گیا، محکمہ موسمیات  کے مطابق سیالکوٹ کینٹ میں 38  ملی میٹر اور ائیرپورٹ  پر 61 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
منڈی بہاؤ الدین اور گردونواح میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آ گئے، سیوریج سسٹم  درہم  برہم ہو گیا،  گلیاں اورسڑکیں ندی نالوں میں تبدیل ہو گئیں جبکہ بجلی کے فیڈر ٹرپ کرنے  سے شہر کی بجلی غائب ہو گئی۔

محکمہ موسمیات نے منڈی بہاؤ الدین میں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے تین دن تک جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

منگل کے روز بھی راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن اور کشمیر کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی تھی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق راولاکوٹ میں 39 ملی میٹر، کوٹلی 16 ملی میٹر، گڑھی دوپٹہ 10 ملی میٹر، مظفرآباد تین ملی میٹر، سیالکوٹ 27 ملی میٹر، لاہور تین ملی میٹر اور مری میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

منگل کو سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی میں 48 ڈگری سینٹی گریڈ، ڈیرہ اسماعیل خان میں 47 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ بھکر اور دالبندین میں 46 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں